بنگلورو: کینسر متاثرہ بچوں کو بنایا گیا ایک دن کے لیے ڈی سی پی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-07-2022
بنگلورو: کینسر متاثرہ بچوں کو بنایا گیا ایک دن کے لیے ڈی سی پی
بنگلورو: کینسر متاثرہ بچوں کو بنایا گیا ایک دن کے لیے ڈی سی پی

 

 

آواز دی وائس، بنگلورو

ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں  بی متھیلیش اور محمد سلمان کو ایک دن کے لیے ڈی سی پی(ڈپٹی کمشنر آف پولیس) بنایا گیا ہے۔

ایسا کہا جا رہا ہے کہ ان دونوں طلبا جان لیوا بیماری یعنی کینسر میں مبتلا ہیں۔ وہ دونوں پولیس آفیسر بننا چاہتے تھے۔ کل جمعرات کو ان کی خواہش پوری کر دی گئی۔

خیال رہے کہ دونوں بچے اگرچہ ہم عمر ہیں؛ تاہم دونوں کا تعلق دو الگ الگ ریاستوں سے ہے اور دونوں الگ الگ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ محمد سلمان کا تعلق ریاست کیرالہ سے ہے جب کہ بی متھیلیش کرناٹک سے ہیں۔ تاہم دونوں ہی ایک جان لیوا بیماری یعنی کینسر میں مبتلا ہیں۔

awazthevoice

ڈی سی پی کے روپ میں بچے

ان دونوں لڑکوں نے اپنی خواہش کا اظہار ایک این جی او ’میک اے وش انڈیا‘ کے عہدیداروں سے کیا تھا۔ اس کے بعد اس این جی او نے وہاں کے ڈی سی پی سے بات کی۔ ساؤتھ ایسٹ ڈویژن ڈی سی پی سی کے بابا نے نہ صرف ان کا ہرطرح سےتعاون کیا بلکہ  انہوں نے سارے انتظامات کئے۔ پھران دونوں لڑکوں کو افسران نے انہیں ان کا دائرہ اختیاربتایا۔

سلمان اور متھیلیش نے ڈی سی پی سے بات کی اور پوچھا کہ آئی پی ایس افسر کیسے بنتے ہیں؟

انہیں بتایا گیا کہ کس طرح ایک پولیس افسرعوام سے شکایات وصول کرتا ہے۔ این جی او کی بنگلورو برانچ کے انچارج ارون کمار نے  بتایا کہ کچھ بچے لیپ ٹاپ چاہتے ہیں، دوسرے کسی مشہور شخصیت سے ملنا چاہتے ہیں یا کسی جگہ جانا چاہتے ہیں۔

 این جی او کا کہنا ہے کہ انہوں نے اب تک 77,358 بچوں کی خواہشات پوری کی ہیں۔