ٹویٹر کی ہٹ دھرمی برقرار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-05-2021
قانونی جنگ اور ہٹ دھرمی
قانونی جنگ اور ہٹ دھرمی

 

 

نئی دہلی: ہندوستان کے نئے ڈیجیٹل قواعد کو تقریباً تمام سوشل میڈیا کمپنیوں نے قبول کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام کمپنیوں نے مرکزی وزارت آئی ٹی کو جواب بھی دے دیا ہے لیکن مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر نے ابھی تک ڈیجیٹل قواعد کو قبول کرنے پر حکومت کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ انفارمیشن ٹکنالوجی قواع2021 کے مطابق بیشتر اہم سوشل میڈیا کمپنیوں نے اپنے چیف کمپلائنس آفیسر، نوڈل کانٹیکٹ پرسن اور گریوینس افسر کو وزارت الیکٹرانکس اور آئی ٹی کو معلومات فراہم کر دی ہیں۔

ان کمپنیوں میں کو، شیئر چیٹ، ٹیلی گرام، لنکڈ ان، گوگل، فیس بک، واٹس ایپ جیسی اہم سوشل میڈیا کمپنیاں شامل ہیں۔ ان سبھی نے نئے اصولوں کے تحت وزارت کی جانب سے طلب کی گئی معلومات فراہم کر دی ہیں، تاحال صرف ٹوئٹر نے ایسا نہیں کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر نے ابھی تک چیف کمپلائنس آفیسر کی تفصیلات وزارت کو نہیں دی ہیں۔ وہیں، نوڈل رابطہ اور شکایت کا ازالہ کرنے والے افسر کے طور پر لا کمپنی میں کام کرنے والے وکیل کا نام دیا ہے۔ جبکہ نئے قواعد کے تحت افسر سوشل میڈیا کمپنی کا وہ ملازم ہونا چاہئے جو ہندوستان میں کام کر رہا ہو۔

حکومت نے کہا کہ ٹوئٹر ہندوستان کی شبیہہ کو مجروح کرنے کے لئے بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہے اور وہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت پر اپنی شرائط مسلط کرنے کی کوشش میں ہے۔ وہیں، ٹویٹر بھی اس سے پہلے یہ الزام عائد کر چکی ہے کہ دہلی پولیس اس کے دفتر میں آ کر دھمکانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت اور دہلی پولیس دونوں نے اس بیان پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔