امت شاہ کے دورہ سے پہلے ترنمول طرز کا قتل:بی جے پی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 06-05-2022
امت شاہ کے دورہ سے پہلے ترنمول طرز کا قتل:بی جے پی
امت شاہ کے دورہ سے پہلے ترنمول طرز کا قتل:بی جے پی

 

 

آواز دی وائس،کولکاتہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے کولکاتہ دورے سے چند گھنٹےقبل آج صبح کولکاتہ میں بی جے پی کےایک کارکن پراسرارحالات میں مردہ پائے گئے۔ بنگال میں یہ موت تازہ ترین تنازعہ بن گئی ہے، جہاں حکمران ترنمول کانگریس اور بی جے پی معمول کے مطابق ایک دوسرے پر تشدد اور ہلاکتوں کا الزام لگاتی ہیں۔

 بی جے پی کے یوتھ ونگ کے رکن ارجن چورسیا کی لاش شمالی کولکاتہ میں، ان کے گھرسے قریب ایک غیرآباد عمارت میں لٹکی ملی۔ وہ امت شاہ کے استقبال کے لیے طے شدہ پروگراموں میں سے ایک میں بائیک ریلی کی قیادت کرنے والے تھے۔بی جے پی نے الزام لگایا کہ ان کا قتل حکمراں ترنمول کانگریس نے کیا، جس نے اس کی سختی سے تردید کی۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ارجن چورسیا کے گھر کے باہر احتجاج کیا۔ کیوں کہ امت شاہ نے گزشتہ سال ریاستی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے بعد پہلی باربنگال کےدارالحکومت کا دورہ کیا ہے۔  ارجن چورسیا کی عمر27 برس تھی۔ وہ بی جے وائی ایم منڈل کے نائب صدرتھے۔ انہیں شمالی کولکاتہ میں پہلے بے دردی گلا ریت کر ہلاک کیا گیا، پھران کی لاش ایک غیر آباد عمارت لٹکا دی گئی۔

بی جے پی کی بنگال یونٹ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مخالف سیاسی کارکنوں کا یہ مسلسل قتل مغربی بنگال میں جمہوریت کے خاتمے کو نمایاں کرتا ہے۔ گذشتہ سال بی جے پی کے57 کارکنوں کا قتل عام کیا گیا تھا۔یہ انسانیت سوز حرکت ہے۔بی جے پی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ وہ امت شاہ کی موت کی وجہ سے تمام استقبالیہ تقریبات منسوخ کر رہی ہے۔ وزیر داخلہ نے مبینہ طور پر اپنی پارٹی سے ہوائی اڈے پر منصوبہ بند استقبال کو منسوخ کرنے کو کہاہے۔

خیال رہے کہ امت شاہ مغربی بنگال کے دو روزہ دورے پر ہیں،وہ آج دوپہر ارجن چورسیا کے گھر جائیں گے۔

بنگال کے سینئر بی جے پی لیڈر راہل سنہا نے کہا کہ امت شاہ کے دورے کی وجہ سے اس شخص کا قتل ترنمول کے اعلیٰ لیڈروں کے حکم پر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکن ارجن چورسیا کو قتل کر کے اسی ترنمول طرز پر پھانسی دی گئی تھی کیوں کہ آج وزیر داخلہ امت شاہ کے پروگرام طے ہیں۔ اس واقعہ میں نہ صرف نچلی سطح کے ٹی ایم سی لیڈر ملوث ہیں بلکہ اعلیٰ قیادت بھی ملوث ہے۔

ممتا بنرجی کی پارٹی نےاس الزام کی تردید کی ہے۔ ترنمول کے رکن پارلیمنٹ سنتنو سین نے کہا کہ ہم پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ پولیس کو معاملے کی تحقیقات کرنے دیں۔ 

ترنمول کانگریس کے مقامی ایم ایل اے آتن گھوش نے کہا کہ یہ الزامات ’’بی جے پی کے باہر کے لوگوں‘‘ کے ہیں۔

مسٹر گھوش نے کہا کہ پوسٹ مارٹم سے پہلے آپ یہ کیسے طے کر سکتے ہیں کہ کیا ہوا ہے؟ صرف امت شاہ کو ہی کیوں فون کریں؟ وزیر اعظم کو فون کریں۔ بی جے پی سیاسی فائدے کے لیے بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے۔