مہاتما گاندھی کی 74ویں برسی پر قوم کا خراج عقیدت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 30-01-2022
مہاتما گاندھی کی 74ویں برسی پر قوم کا خراج عقیدت
مہاتما گاندھی کی 74ویں برسی پر قوم کا خراج عقیدت

 

 

نئی دہلی: قوم آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی 74 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہے ۔ دوسرے ممالک میں بھی لوگ عدم ​​تشدد کے پجاری باپو کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا مہاتما گاندھی کے تفکرات ہمیشہ ملک کی خدمت کے لئے تحریک دیتے رہیں گے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا’’ مہاتما گاندھی جی نے ہر ہندوستانی کے دل میں سودیشی ، سوبھاشا اور سوراج کا جذبہ پیدا کیا ۔ ان کے تفکرات اور نظریات ہر ہندوستانی کو ہمیشہ ملک کی خدمت کے لئے تحریک دیتے رہیں گے۔

آج باپو کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ‘‘۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹ کیا ’’ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی عظیم شخصیت، ان کے خیالات اور نظریات آج بھی ہم سب کو ایک بہتر ہندوستان کی تعمیر کے لیے تحریک دیتے ہیں ۔ باپو برسی پر ان کو سلام ‘‘۔

اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مہاتما گاندھی کو ان کی برسی پر یاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا’’ ہندوستانی تحریک آزادی کے عظیم ہیرو، سچائی اور عدم تشدد کے پجاری، بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت ۔ آپ کے قائم کردہ اعلیٰ انسانی اقدار اور اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے ہم سبھی ’ رام راجیہ‘ کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام کر رہے ہیں ‘‘۔

وزیر اعظم نریندر مودی کا ماہانہ پروگرام من کی بات اس بار اپنے مقررہ وقت سے کچھ دیربعد شروع ہوگا ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق من کی بات پروگرام 11:30 بجے شروع ہوگا ۔ دراصل آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کی برسی ہے۔ وزیر اعظم مودی پہلے باپو کو خراج عقیدت پیش کریں گے، اس کے بعد وہ ریڈیو کے ذریعے من کی بات پروگرام میں شامل ہوں گے۔ اس سے پہلے یہ پروگرام ہمیشہ 11 بجے شروع ہوتا تھا۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتوار کو راج گھاٹ پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے باپو کی سمادھی پر پھول چڑھا کر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران سرو دھرم سبھا میں باپو کے پسندیدہ بھجن بھی گائے گئے۔

مسٹر گاندھی نے ٹوئٹ کرکے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی سچائی اور عدم تشدد کے پجاری تھے اور جب تک سچ ہے اور جہاں سچ ہے، گاندھی جی زندہ رہیں گے۔

انہوں نے کہا ’’ایک ہندوتوادی نے گاندھی جی کو گولی مار دی۔ تمام ہندوتووادیوں کو لگتا ہے کہ گاندھی جی نہیں رہے ہیں۔ جہاں سچ ہے، باپو وہیں زندہ ہیں۔” نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی برسی پر دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ایک نے ملک کو بھوک اور غربت جیسی سماجی برائیوں سے پاک کرنے کا عزم کرنا چاہئے۔

اتوار کو یوم شہید کے موقع پر یہاں جاری ایک پیغام میں مسٹر نائیڈو نے کہا کہ گاندھی جی کی تحریک بنیادی طور پر سماجی، اقتصادی اور اخلاقی اصلاحات کی تحریک تھی، جس میں ملک کی ترقی کے ساتھ ساتھ کمزور طبقات اورخواتین کو شامل کیا گیا تھا۔

اس موقع پر تمام اہل وطن ملک کو بھوک اور سماجی معذوریوں جیسے غربت، جہالت، ناخواندگی، امتیازی سلوک سے نجات دلانے کا عہد کرناچاہئے۔ نائیڈو نے کہا’’آج، مہاتما گاندھی کی برسی پرمیں بابائے قوم کی مقدس یاد کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہماری تحریک آزادی کو سچائی اور عدم تشدد کی اخلاقی بنیاد فراہم کی۔

باہمی ہم آہنگی، سماجی اتحاد، خود انحصاری، صفائی ستھرائی اور اپنے اردگرد کے ماحول سے ہم آہنگ طرز زندگی کو یقینی بنا کر ہم بابائے قوم کو حقیقی خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں۔ (ایجنسی)