اے ایم یو سے جامعہ ملیہ تک شہیدوں کو خراج عقیدت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-12-2021
اے ایم یو سے جامعہ ملیہ تک جنرل راوت اور دیگر شہیدوں کو خراج عقیدت
اے ایم یو سے جامعہ ملیہ تک جنرل راوت اور دیگر شہیدوں کو خراج عقیدت

 

 

 نئی دہلی : آواز دی وائس

تمل ناڈو میں ایل ہیلی کاپٹر حادثہ میں سی ڈی ایس جنرل بپین راوت اور دیگر گیارہ جوانوں کی موت نے ملک بھر میں سوگ کا ماحول پیدا کردیا ہے۔ ہر جانب مایوسی اور اداسی چھائی ہوئی ہے۔ ہر کوئی اس پر اظہار ملال کررہا ہے۔

ملک کی دو ممتاز تعلیمی درسگاہوں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بھی اس حادثہ کا اثر نظر آرہا ہے۔ جہاں اساتذہ اور طلبا نے شہیدو ں کو خراج عقیدر پیش کیا۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء نے ملک کے پہلے سی ڈی ایس جنرل بیپن راوت اور فوج کے 12 جوانوں کو ان کی شہادت پر کینڈل مارچ نکال کر خراج عقیدت پیش کیا۔

awazurdu

اے ایم یو میں طلبا نے جنرل راوت اور دیگر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا


علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ہندوستان کے پہلے چیف آف ڈفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی المناک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔پروفیسر منصور نے کہا کہ جنرل راوت بے مثال بہادری کے ساتھ ساتھ اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں غیر معمولی بصیرت کا مظہر تھے اور مسلح افواج کے لیے ان کی طویل اور بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ علی گڑھ برادری ہندوستان کے اس بہادر سپوت کی اندوہناک موت کے غم میں قوم کے ساتھ ہے۔ ان کا انتقال ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کارکنان نے ہیلی کاپٹر حادثے میں سی ڈی ایس جنرل بپن راوت،ان کی اہلیہ اور دیگر ہلاک ہونے کے والوں کے تئیں اظہار تعزیت کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس تعزیتی نشست میں پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ،ڈاکٹر ناظم حسین الجعفری،مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ،ڈینز، صدور شعبہ،عہدیداران اور یونیورسٹی کے تدریسی اور غیر تدریسی عملہ نے شرکت کی۔

awazurdu

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بھی جنرل راوت اور شہید جوانوں  کو دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے خراج عقیدت پیش کیا


 اس موقع پر پروفیسر اختر نے کہاکہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ اورشعبہ دفاع کے دیگر عہدیداران کے سانحہ ارتحال سے وہ مغموم ہیں۔ انھوں نے مرحومین کے اہل خانہ اور متعلقین کے ساتھ بھی اظہار تعزیت کیا‘۔