فیروز شاہ کوٹلہ کی مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے ٹکٹ خریدنا لازمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 31-08-2021
فیروز شاہ کوٹلہ کی مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے  ٹکٹ خریدنا لازمی
فیروز شاہ کوٹلہ کی مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے ٹکٹ خریدنا لازمی

 

 

آوازدی وائس،نئی دہلی

قومی دارالحکومت نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میں 14 ویں صدی کی مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے ٹکٹ لازمی کر دیے گئے ہیں۔

اس کی وجہ سے عقیدت مندوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ قدیم مغل مسجد محکمہ آثار قدیمہ کے زیر انتظام ہے۔

اس مسجد میں نمازی 1952 سے ظہر، عصر، مغرب اور جمعہ کی نماز پڑھ رہے ہیں۔

 تاہم  گذشتہ برس کورونا وائرس کی وجہ سے نمازیوں کو مسجد میں داخلے سےروک دیا گیا تھا۔

اگرچہ تمام پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں لیکن اب نمازیوں کے لیے ٹکٹ خریدنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

اگر کوئی شخص مسجد میں داخل ہونا چاہتا ہے تو اسے دروازے پر روک دیا جاتا ہے اور اسے ٹکٹ لینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

اس معاملے کی اطلاع دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان کو بھی دی گئی۔

جس کے بعد اُنھوں نے مسجد کا دورہ کیا اور معاملے کی حقیقت جاننے کی کوشش کی۔

انہیں یقین دلایا گیا کہ نمازیوں کو نہیں روکا جائے گا اور اگر کسی نے ایسا کیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اس دوران مقامی ایم ایل اے شعیب اقبال کے بیٹے محمد اقبال نے آثار قدیمہ کے حکام سے ملاقات کی اور معاملے کو حل کرنے کے لیے ایک میمورنڈم پیش کیا اور اس بات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا کہ مسجد جانے والے ٹکٹ خریدنے پر مجبور نہ ہوں اور ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔