وشاکھاپٹنم
آندھرا پردیش کے ریاستی وزیر بھوپتی راجو سرینواس ورما نے منگل کو بتایا کہ وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ میں پیش آنے والے المناک حادثے میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تین رکنی ماہرین کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
حادثے کے مقام کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرینواس ورما نے بتایا کہ زخمی ملازمین میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضے اور دیگر سہولیات کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ افراد کی موت اور چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ صرف دو زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ مستقل ملازمین کے اہل خانہ کو تقریباً ایک کروڑ 70 لاکھ روپے جبکہ عارضی ملازمین کے اہل خانہ کو 40 سے 45 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔ ہم چند روز میں اس بارے میں حتمی فیصلہ کر لیں گے۔ تین رکنی ماہرین کمیٹی پہلے ہی مقرر کی جا چکی ہے، جو آج صبح سے اپنا کام شروع کرے گی۔
اس سے قبل پیر کو مرکزی وزراء ایچ ڈی کماراسوامی اور رام موہن نائیڈو، آندھرا پردیش کی وزیر داخلہ ونگلاپوڈی انیتا اور رکن پارلیمان سری بھرت نے اسٹیل پلانٹ کا دورہ کیا اور حادثے کی جگہ کا معائنہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔یہ حادثہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کی ایس ایم ایس-2 اور ایس ٹی سی-3 ہیٹ سہولت سے بڑی مقدار میں پگھلا ہوا اسٹیل لیک ہو گیا، جس کے نتیجے میں آٹھ کارکن جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد مرکزی وزیر ایچ ڈی کماراسوامی نے ہلاک ہونے والے کارکنوں کے اہل خانہ کے لیے 25-25 لاکھ روپے اور زخمی کارکنوں کے لیے 10-10 لاکھ روپے کی امدادی رقم کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، "میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ وہ اس حادثے میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں کو صبر اور حوصلہ عطا کرے۔ میں یہاں کام کرنے والے تمام ملازمین سے اپیل کرتا ہوں کہ گھبرائیں نہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جاں بحق ملازمین کے اہل خانہ کو ملازم کی فرضی ریٹائرمنٹ عمر تک سرکاری رہائش گاہ میں رہنے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ ان کے بچوں کی تعلیم کے لیے مالی مدد بھی فراہم کی جائے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی وزیر اعظم قومی امدادی فنڈ سے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت ہلاک شدگان کے لواحقین کو دو، دو لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔
دریں اثنا آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندر بابو نائیڈو نے سینئر حکام کے ساتھ حادثے کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ زخمی ملازمین کو بہترین ممکنہ طبی سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ ان کا مؤثر علاج یقینی بنایا جا سکے۔