تیسری لہر بچوں پر اثر انداز ہوگی اس کا کوئی ثبوت نہیں : گلیریا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2021
ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا
ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا

 

 

نئی دہلی: ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے واضح کیا ہے کہ تیسری لہر بچوں پر اثر انداز ہوگی اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ دنیا بھر میں کسی سروے سے اس نتیجہ کو اخذ نہیں کیا گیا ہے۔ تیسری لہر کب آ سکتی ہے اور بچوں پر اس کا کیا اثر ہوگا، اس حوالہ سے تاحال کوئی گلوبل ڈیٹا دستیاب نہیں ہے۔

اب تک دنیا میں کوئی ایسا ڈیٹا دستیاب نہیں ہے کہ بچوں میں خطرناک انفیکشن ہوگا۔ ڈاکٹر گلیریا نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران بھی جو بچے متاثر ہوئے ہیں وہ ہلکے بیمار پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا امکان نظر نہیں آتا کہ آئندہ وقت میں بچوں کے لئے کوئی سنگین خطرہ لاحق ہوگا۔ دو مہینے سے بھی زیادہ وقت کے بعد منگل کے روز ملک میں کورونا انفیکشن کے ایک لاکھ سے کم معاملے درج کیے گئے ہیں۔

مرکزی وزارت صحت نے منگل کے روز صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے 86 سے زیادہ معاملے درج کیے گئے۔ یہ تعداد گزشتہ 66 دنوں میں سب سے کم رہی۔ جس کے بعد ہندوستان میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 13 لاکھ تک پہنچ گئی۔ تاہم بدھ کے روز اس میں کچھ اضافہ درج کیا گیا اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 92 ہزار سے زیادہ نئے معاملے درج کیے گئے۔