دیوبند کی تین تنظیموں نے قائم کیا کووڈ ہیلپ ڈیسک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-05-2021
کوو ڈ ہیلپ ڈیسک (سی ایچ ڈی)
کوو ڈ ہیلپ ڈیسک (سی ایچ ڈی)

 

 

 دیوبند: اتر پردیش میں کورونا کے تیز ہوتے وار کے پیش نظر جہاں  مختلف شخصیات اپنی طرف سے عوام کو امداد بہم پہنچا رہی ہیں وہیں کچھ ایسی تنظیمیں بھی ہیں جنہوں نے اس کار خیر میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے ۔

تنظیم  ابناے مدار س ویلفیئر ایجوکیشن ٹرسٹ (ٹیوئ ای ٹی) ، یونائیٹڈ فار ہیومینٹی (یو ایف ایچ) اور جامعہ طبیہ نامی تین مسلم تنظیمیں نے مشترکہ طور پراتر پردیش کے ایک تاریخی قصبہ دیوبند میں کورونا مریضوں کی مدد کے لئے کوو ڈ ہیلپ ڈیسک (سی ایچ ڈی) شروع کیا ہے۔ابھی تک سی ایچ ڈی نے 1,250 مریضوں کو آکسیجن سلنڈر ، دوائیں ، پلازما وغیرہ سے مدد کی ہے ۔

سی ایچ ڈی کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے تنظیم ابناے مدار س ویلفیئر ایجوکیشن ٹرسٹ کے چیئرمین مہدی حسن عینی قاسمی نے کہا کہ اگرچہ ہم ابھی سی ایچ ڈی کا باضابطہ آغاز آج کر رہے ہیں لیکن ہم 25 اپریل سے ہی فیلڈ میں متحرک ہیں اور نہ صرف دیوبند بلکہ سہارن پور، شاملی، میرٹھ اور مظفر نگر میں مریضوں کی مدد کی ہے۔ ہم نے مریضوں کے اسپتالوں میں داخلے سے لیکر انہیں آکسیجن سلنڈر ، دوائیں ، پلازما اور ٹیلی مشاورت بھی فراہم کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی ایچ ڈی ماسک اور سینیٹائزر بھی تقسیم کرتا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ہم 175573030 پر کال کرنے والوں کی مدد اور رہنمائی کے لئے 24 گھنٹے دستیاب ہیں۔ ہماری مدد اور مشورے واٹس ایپ پر پر بھی دستیاب ہیں۔

جامعہ طبیہ کالج کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے اس پہل پر مہدی حسن قاسمی اور یو ایف ایچ کے چیئرمین قاسم عثمانی کی کاوشوں کی تعریف کی۔طبیہ کالج میں سی ایچ ڈی کاؤنٹر کھولا گیا ہے اور جہاں آیوش کی دوائیں مفت دستیاب ہیں۔ ہم نے سی ایچ ڈی کے کارکنوں کو پی پی ای کٹس بھی جاری کردی ہیں۔ ہم سی ایچ ڈی کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

سی ایچ ڈی نے اپنے فون نمبر کے ساتھ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس ٹیم میں ڈاکٹر عثمان رمزی ، دیوبند پولی کلینک کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالحمید خان ، ڈاکٹر صہیب رؤف قریشی ، اور ڈاکٹر محمد علی شامل ہیں۔