امت کی کامیابی کا راز اتحادواتفاق میں ہے:مولاناعبداللہ مغیثی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 05-03-2022
امت کی کامیابی کا راز اتحادواتفاق میں ہے:مولاناعبداللہ مغیثی
امت کی کامیابی کا راز اتحادواتفاق میں ہے:مولاناعبداللہ مغیثی

 

 

سہارنپور: جامعہ احمد العلوم خانپور گنگوہ کا عظیم الشان سالانہ اجتماع آل انڈیا ملی کونسل کے قومی صدر مولانا محمد عبداللہ مغیثی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مولانا محمد عبداللہ مُغیثی نے اپنی حکیمانہ تقریر سے سامعین کو محظوظ کیا۔

انہوں نے مدارس کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے ان مدارس کی داغ بیل ڈالی، احمد العلوم خانپور بھی انھیں مدرسوں میں سے ایک ہے جو ملت کے لیے ایک تناؤ درخت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس کا فیض ملک کے ہر کونے تک پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے اتحاد و اتفاق پر زوردیتے ہوئے کہا کہ امت محمدیہ کی کامیابی کا راز اتحاد اور اتفاق میں ہی پنہاں ہے۔جب بھی امت نے اتحاد کا ثبوت دیا ہے، زمانے میں انقلاب آیاہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی ہم نے اتحاد کو چھوڑا، شیطانی طاقتوں نے اس کمزوری کا فائدہ اٹھایا اورمضبوط ہوئی ہیں۔ اس کی مثال آپ نے عرب کے مشہور جانور اونٹ سے دی جو راہ چلتے ہوئے اتحاد واتفاق کا مظاہرکرتے ہیں۔

اس لحاظ سے اس امت کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات پر عمل کرے اوراپنے اندر اتفاق پیدا کرے۔ انہوں نے اصلاح مشرے کی طرف بھی توجہ دلائی اور کہا کہ دنیاوی ضرورتوں میں بھی شریعت کی پیروی کرنی چاہیے۔

انہوں نے آج کے نوجوانوں کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ وہ منشیات اور بری لتوں سے دور رہیں کیونکہ اس سے آخرت اور دنیا دونوں تباہ ہوتے ہیں۔

اس تقریب میں مولانا محمد عقیل قاسمی، مولانا ظہور قاسمی، مفتی محمد احسن قاسمی (صدر مفتی دارالعلوم وقف، دیوبند)، مولانا سید حبیب اللہ مدنی، مفتی محمد ساجد بجنوری اور قاری محمد طالب نے شرکت کی۔ اس تقریب میں نعتیہ کلام مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے اپنی مسحور کن آواز میں پیش کیا۔