روپیوں کی بارش،کروڑ پتی بننے والے بھی حیران

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2021
روپیوں کی بارش،کروڑ پتی بننے والے بھی حیران
روپیوں کی بارش،کروڑ پتی بننے والے بھی حیران

 

 

کٹیہار: اگر اچانک آپ کے اکاؤنٹ میں سبسڈی کی رقم آجائے تو آپ خوش ہوںگے کہ کچھ پیسے توآئے ، لیکن اگر اچانک آپ کے اکاؤنٹ میں 900 کروڑ روپے آجائیں تو کیا ہوگا؟ شاید اس تصور کے ساتھ ہی ذہن میں لڈو پھوٹنے لگے لیکن کچھ ایسا بہار کے کٹیہار میں ہوا ہے۔

دو بچوں کے کھاتوں میں 900 کروڑ روپے سے زیادہ آگئے،جس سے سب حیران ہیں۔ یہ معاملہ ضلع کٹیہار کے اعظم نگر بلاک کا ہے۔ یہاں پستیا گاؤں کا ہر شخص اپنے بینک اکاؤنٹ کی جانچ کروا رہا ہے۔ وہ سوچ رہے ہیں کہ کاش ان کی قسمت کا تالا بھی کلاس 6 کے آشیش اور گروچرن کی طرح کھل جائے۔

کٹیہار کے اعظم نگر بلاک کے پاسیا گاؤں میں ہر کوئی حیران ہے۔ یہاں شمالی بہار گرامین بینک کے کھاتہ دار اور کلاس 6 میں پڑھنے والے آشیش کے اکائونٹ میں 6 کروڑ 20 لاکھ 11 ہزار 100 سوروپئے اور گرو چرن وشواس کے کھاتے میں 900 کروڑ روپے سے زیادہ آئے ہیں۔

ویسے اسکول ڈریس کی رقم کا پیسہ اس کے اکاؤنٹ میں آنا تھا۔ لیکن اچانک اتنے پیسے آئے کہ گھر والے اور بینک بھی دنگ رہ گئے۔ یہاں تک کہ یہ بچے جو راتوں رات کروڑ پتی بن گئے یہ نہیں سمجھتے کہ یہ کیسے ممکن ہے۔

اس حوالے سے بینک کے برانچ منیجر منوج گپتا نے بتایا کہ دونوں بچوں کے اکاؤنٹ سے ادائیگی روک دی گئی ہے ، یعنی ایک طرح سے اکاؤنٹ منجمد کر دیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ یہ معلومات بینک کے اعلیٰ افسران کو بھی دی گئی ہے۔

تاہم بینک کے افسران اور ملازمین بھی حیران ہیں کہ دونوں بچوں کے کھاتوں میں اتنے پیسے کہاں سے آئے؟ کھگڑیا میں بھی اس شخص کے اکاؤنٹ میں 5 لاکھ سے زائد روپے آئے۔ کچھ ایسا ہی بہار کے کھگڑیا میں ایک آدمی کے ساتھ ہوا۔

اچانک ان کے اکاؤنٹ میں ساڑھے پانچ لاکھ روپے آئے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس شخص نے وہ رقم بھی خرچ کی۔ اس معاملے میں زبردست موڑتب آیا جب معاملہ سامنے آیا اور بینک نے نوٹس بھیج کر رنجیت داس نامی اس شخص سے پیسے واپس مانگے۔

اس پر رنجیت داس نے پیسے واپس کرنے سے صاف انکار کر دیا۔ یہی نہیں ، انہوں نے کہا کہ یہ رقم کیوں واپس کریں، وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ رقم بھیجی ہے۔ تاہم جب اس نے رقم واپس نہیں کی تو معاملہ پولیس کے پاس چلا گیا اور رنجیت داس کو گرفتار کر لیا گیا۔