تاریخی مکانات کا مسئلہ جلد حل کیا جائے۔ دلیپ کمار کے ترجمان کی پاکستان سے اپیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-02-2021
تاریخی مکانات جو میوزیم بننے کے منتظر ہیں
تاریخی مکانات جو میوزیم بننے کے منتظر ہیں

 

پاکستان میں بالی ووڈ کے شہنشاہ دلیپ کماراورراج کپور کے آبائی مکانات کو یادگار بنانے کی سرکاری کوشش میں ’پیسہ ’کا کھیل سرخیوں میں ہے۔اب اس سلسلے میں سب سے پہلے دلیپ کمارکے ترجمان نےکہاہےکہ پشاورمیں دلیپ کمار اور کپورخاندان کے گھروں کے موجودہ مالکان اورحکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مل کر باہمی اتفاق سے قیمتوں کا تعین کریں تاکہ میوزیم قائم کرنے کا منصوبہ جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔

دلیپ کمار کے ترجمان فیصل فاروقی نےبرطانوی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور دلیپ کمار کے دل میں بستا ہے، وہ اکثر و بیشتر پشاور اور اپنے آبائی گھر کا ذکر کرتے رہتے ہیں۔ جتنی جلد اس فیصلہ پر عملی جامہ پنہایا جائے گا اتنا بہتر ہوگا۔کیونکہ جنوبی ایشیا کےعظیم اداکاروں کے آبائی گھروں کو محفوظ بنایا جائے گا تواس سے پشاور کی نہ صرف اہمیت میں اضافہ ہو گا بلکہ اس سے پشاوراور پاکستان کی سیاحت کی صنعت کو بھی مزید استحکام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے حکومت پاکستان کی جانب سے دلیپ کمار کے گھر اور کپور حویلی کو محفوظ کرنے اور میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ اورعملی کام کا آغاز ہوا ہے، تب سے ان فنکاروں کے چاہنے والے کافی خوش ہیں۔

فیصل فاروقی کا کہنا ہے کہ پشاور میں جنوبی ایشیاکے بڑے فنکاروں دلیپ کمار، کپور فیملی،شاہ رخ خان اور دیگر کے آبائی گھر ہیں اس کی اپنی ایک اہمیت ہے جس کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ ہندوستانی اداکاروں دلیپ کماراور راج کپور کے آبائی مکانات کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلہ میں ایک بڑی اڑچن پیدا ہوگئی ہے۔ کیونکہ ان مکانات کے مالکان نے اپنے کھنڈر نما جائداد کی ا ایسی قیمت مانگ لی ہے کہ قرض میں ڈوبی پاکستانی حکومت کو پسینہ آگیا ہے۔

بالی ووڈ کے شہنشاہ جذبات اراکاردلیپ کمار کے پشاور میں آبائی گھر کے مالک حاجی لال محمد نے 80 لاکھ روپے میں مکان فروخت کر نے سے انکار کردیاہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق مالک مکان نے جائیداد کی کم ازکم قیمت 25 کروڑ روپے مانگی لیکن خیبرپختونخوا حکومت نے مکان کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے مقرر کی ہے، دلیپ کمار کا گھر منہدم ہوچکا ہے اوراس کی بیرونی دیواریں ہی باقی ہیں۔