صدر جمہوریہ ،نائب صدراور وزیر اعظم نے دی عید کی مبارک باد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2021
قائدین کے پیغامات
قائدین کے پیغامات

 

 

آواز دی وائس ۔ نئی دہلی

آج ملک بھر میں عید الفطر کا تہوار منایا جارہا ہے،کورونا کے سبب گھروں میں نماز ادا کی گئی ہے۔ملک کے صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے عید الفطر کی شہریوں کو مبارک باد دی ہے۔اپنے پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا ہے کہ ’’عید الفطر کے موقع پر، میں تمام شہریوں بالخصوص مسلم بھائیوں اور بہنوں کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں اور مبارک باد دیتا ہوں۔

 رمضان المبارک کے دوران لوگ روزہ رکھتے ہیں اور مسلسل دعاؤں اور اللہ کی عبادت کا اہتمام کرتے ہیں۔ رمضان کے اختتام پر منایا جانے والا عیدالفطر کا یہ مقدس تہوار اخوت اور ہم آہنگی کے جذبے کو تقویت دینے والے ایک موقع کے طور پر منایا جاتا ہے۔ عیدالفطر خود کو ایک مرتبہ پھر انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کرنے اور ضرورت مند لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے وقف کرنے کا ایک موقع بھی ہے۔

آئیے ہم سب عہد کریں کہ ہم کووڈ-19 کی اس وبا سے نمٹنے کے لئے سبھی ضابطوں اور رہنما ہدایات پر عمل کریں گے اور سماج و ملک کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔‘‘نائب صدر نے عیدالفطر سے قبل کی شام ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی۔۔

نائب صدر کا پیغام 

ساتھ ہی نائب صدر، جناب ایم وینکیا نائیڈو نے بھی عیدالفطر سے قبل کی شام ملک کے شہریوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کی خوشی کے موقع پر میں ہم وطنوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔عیدالفطر رمضان کے مقدس مہینہ کے اختتام پر منایا جاتا ہے اور یہ باہمی بھائی چارہ اور اتحاد کی علامت ہے۔ یہ تہوار ہماری زندگی میں رحم دلی، سخاوت اور فیاضی کے جذبہ اور اہمیت کو مضبوط کرتا ہے۔۔

 ہمارے ملک میں، تہوار ہمیشہ ایسے موقعے ہوتے ہیں جن میں رشتہ دار اور دوست ساتھ مل کر خوشیاں مناتے ہیں لیکن کووڈ-19 عالمی وبائی مرض سے پیدا شدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے، میں ملک کے شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کووڈ کے صحت اور صفائی سے متعلق پروٹوکول کی تعمیل کرتے ہوئے اس تہوار کو منائیں۔میں دعا کرتا ہوں کہ عیدالفطر سے وابستہ عظیم اصول ہماری زندگی کو امن، ہم آہنگی اور انسانیت کے جذبے سے سرشار کریں گے۔

 مودی کا پیغام

 وزیراعظم نریندر مودی نے عیدالفطر پر عوام کو مبارکباد دیہے۔ ایک ٹوئیٹ میں جناب مودی نے کہا کہ وہ ہر ایک کی اچھی صحت اور تندرستی کے لیے دعادے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں کی طاقت سے ملک، عالمی وبا پرغلبہ حاصل کرے گا اور انسانی بہبود کو آگے بڑھانے کے تئیں کام کرے گا۔