کرتار پور راہداری 19 نومبر سے کھلے گی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
کرتار پور راہداری 19 نومبر سے کھلے گی
کرتار پور راہداری 19 نومبر سے کھلے گی

 

 

نئی دہلی: حکومت ہند نے کرتار پور راہداری 19 نومبر سے کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔یہ گرونانک جی دیوکی جینتی کا دن ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کےسکھ ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی سےکرتار پور راہداری کھولنے کی درخواست کی تھی۔

واضح رہے کہ کورونا کو وجہ بتاکر 16 مارچ 2020 کو کرتار پور راہداری بند کر دی گئی تھی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو ٹویٹ کرکے یہ جانکاری دی۔ گرو نانک دیو کا پرکاش پرو 19 نومبر کو ہے۔ پہلی کھیپ میں 250 عازمین پاکستان جائیں گے۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹ کیاکہ قوم 19 نومبر کو گرو نانک دیو کے پرکاش اتسو کو منانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ مجھے یقین ہے کہ کرتار پور صاحب کوریڈور کو دوبارہ کھولنے کے وزیر اعظم  نریندر مودی کی حکومت کے فیصلے سے پوری قوم کو مدد ملے گی۔پورے ملک میں خوشی اور جوش مزید بڑھے گا۔

کرونا کے قوانین پر عمل کرنا ضروری ہے

 اگر کرتار پور راہداری تقریباً 20 ماہ بعد کھلتی ہے تو اس کے لیے سب سے اہم شرط کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرنا ہوگی۔ اس کے لیے کووڈ ویکسینیشن کی دونوں خوراکیں لگانے کے علاوہ 72 گھنٹے سے کم کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی دینی ہوگی۔

 اب تک کے رہنما خطوط کے مطابق، 13 سے 75 سال کے درمیان ہندوستان کا کوئی بھی شہری یا غیر مقیم ہندوستانی کرتارپور صاحب کے ویزے کے بغیر جا سکتا ہے۔ اس کے لیے آن لائن فارم بھرنا ہوگا۔ رجسٹریشن کے بعد ایک نوٹیفکیشن موصول ہوگا اور 20 ڈالر فیس یعنی تقریباً 1400 روپے سفر کے لیے ادا کرنا ہوں گے۔ نئے اعلان کے بعد ابھی تک کوئی نئی گائیڈ لائن نہیں آئی ہے۔