اپنی پسند کا لباس آئینی اور بنیادی حق ہے. : جماعت اسلامی ہند

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-02-2022
اپنی پسند کا لباس آئینی اور بنیادی حق ہے. : جماعت اسلامی ہند
اپنی پسند کا لباس آئینی اور بنیادی حق ہے. : جماعت اسلامی ہند

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

کرناٹک کے کچھ تعلیمی اداروں میں مسلم لڑکیوں کو اپنے احاطے میں حجاب پہننے کی اجازت نہ دینے کی خبروں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند نے کہا ہے کہ لباس ہر شہری کا آئینی اور بنیادی حق ہے اور اس پر کوئی تنازعہ نہیں ہونا چاہیے ۔ 

دو دن قبل ایک آن لائن پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی ہند کے موقف کے بارے میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے جماعت کی خواتین ونگ کی سکریٹری رحمت النساء نے کہا کہ اپنی پسند کا لباس پہننا آئینی اور بنیادی حق ہے ۔ انھوں نے سوال کیا کہ اس معاملے کو فرقہ وارانہ اور سیاسی رنگ کیوں دیا جا رہا ہے؟

انھوں نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ تعلیمی اداروں میں پولرائزیشن اور بدمعاشی کی کوشش ہے ۔ انھوں نے مزید کہا ہے کہ "حجاب کے خلاف یہ احتجاج ہماری سمجھ سے باہر کیوں ہے ۔ لڑکیوں کو اجازت دی جائے کہ وہ جیسا چاہیں ویسا لباس پہنیں ۔‘‘ اسکول اور کالج کے حکام پر زور دیتے ہوئے کہ وہ لڑکیوں کو فوری طور پر اپنے اسکولوں میں شامل ہونے دیں اور ان لوگوں کے سامنے نہ جھکیں جو معاشرے میں تقسیم اور نفرت پیدا کرنا چاہتے ہیں ،

انھوں نے قومی کمیشن برائے خواتین  اور قومی انسانی حقوق کمیشن  سے بھی اس نوٹس لینے کو کہاکہ رحمت النساء صاحبہ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہند ان طالبات اور ان کے والدین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے جو اس سنگین ناانصافی کے خلاف پرامن طریقے سے احتجاج کر رہی ہیں ۔

جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے کہا کہ حجاب کا مسئلہ پارلیمنٹ تک پہنچ چکا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ’مسئلہ پارلیمنٹ تک پہنچ گیا ہے ۔ یہ آئین اور مذہبی آزادی کا مسئلہ ہے ۔ہندوستان کے آئین کے تحت لوگوں کو اپنے مذہب کی پیروی کرنے کی آزادی ہے ۔ مذہبی رسومات رسومات پر کوئی پابندی نہیں لگائی جا سکتی ۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم عدالت جائیں گے ۔‘