ڈاکٹر نے ستیندر کو فزیوتھراپی علاج کا مشورہ دیا، سسودیا کا دعویٰ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2022
ڈاکٹر نے ستیندر کو فزیوتھراپی علاج کا مشورہ دیا، سسودیا کا دعویٰ
ڈاکٹر نے ستیندر کو فزیوتھراپی علاج کا مشورہ دیا، سسودیا کا دعویٰ

 

 

نئی دہلی:  عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے لیڈر ستیندر جین کی جیل میں مساج کرنے کی مبینہ ویڈیو وائرل ہونے کے چند گھنٹے بعد، دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر نے انہیں (مسٹر جین) فزیو تھراپی کا مشورہ دیا تھا۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سسودیا نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ایک شخص کی بیماری کا مذاق اڑا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں کسی کو کوئی بیماری ہو تو علاج کروانے کا قانونی حق ہے۔ ایسی ویڈیوز دیگر جیلوں میں بھی ملیں گی۔ عدالت نے ای ڈی کو ویڈیو لیک نہ کرنے کی ہدایت دی۔اس کے باوجود بی جے پی نے ویڈیو وائرل کر دیا جو کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس پر کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نے مسٹر جین کو باقاعدہ فزیوتھراپی/ایکیوپریشر علاج کا مشورہ دیا ہے۔

بی جے پی ایم سی ڈی اور گجرات کے انتخابات ہار رہی ہے، اس لیے انہوں نے غیر قانونی طور پر اس کا ویڈیو جاری کیا جس میں اسے 'وی آئی پی ٹریٹمنٹ' کہا گیا۔

دریں اثنا بی جے پی نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی اس ویڈیو پر خاموشی پر تنقید کی جس میں مسٹر جین جیل کی کوٹھری کے اندر مساج کرا رہے تھے۔

اس سے پہلے یہاں ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیہ نے کہا، "کیجریوال اب کہاں ہیں؟ وہ جین کے ویڈیو پر خاموش کیوں ہیں؟" اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جیل کے قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی ایک اسپا اور مساج پارٹی بن گئی ہے اور بدعنوان لوگوں کو پناہ دیتی ہے۔ مسٹر بھاٹیہ نے کہا تھا کہ جیل میں یہ وی وی آئی پی کلچر جمہوریت کے لیے خطرناک ہے -