لکھنؤ/ آواز دی وائس
بسپا (بہوجن سماج پارٹی) کی سربراہ مایاوتی نے منگل کے روز ای وی ایم کے ذریعے ہونے والی ووٹنگ سے متعلق مسلسل ظاہر کی جا رہی شکوک و شبہات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو ای وی ایم (الیکٹرانک ووٹنگ مشین) چھوڑ کر دوبارہ روایتی بیلٹ پیپر کے نظام کو اپنانا چاہیے۔
مایاوتی نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہماری پارٹی کی رائے ہے کہ انتخابات کے دوران اور بعد میں ای وی ایم سے جڑی بے ضابطگیوں کی مسلسل آنے والی شکایتوں کو دور کرنے اور انتخابی عمل پر مکمل اعتماد بحال کرنے کے لیے ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ کے نظام کو روایتی بیلٹ پیپر کے نظام سے بدل دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی وجہ سے ایسا فی الحال ممکن نہ ہو سکے، تو کم از کم پولنگ کے دوران 'ووٹَر ویریفائڈ پیپر آڈٹ ٹریل' مشین کے بکسوں میں گرنے والی پرچیوں کی گنتی تمام پولنگ بوتھوں پر کی جانی چاہیے اور اُن کا موازنہ ای وی ایم کے ذریعے پڑے ہوئے ووٹوں سے کیا جانا چاہیے۔ مایاوتی نے کہا کہ ایسا نہ کرنے کی وجہ کے طور پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جو "بہت زیادہ وقت" لگنے والا عذر پیش کیا جاتا ہے، وہ بالکل مناسب نہیں ہے۔
مایاوتی نے مزید کہا کہ گنتی کے لیے چند اضافی گھنٹے لگ جانا کوئی تشویش کی بات نہیں ہونی چاہیے، خاص طور پر جب کہ پوری انتخابی کارروائی کئی مہینوں تک چلتی ہے۔ یہ نہایت اہم ہے کیونکہ اس سے انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد بڑھے گا اور پیدا ہونے والے متعدد شبہات و اندیشے ختم ہوں گے، جو آخرکار ملک کے مفاد میں ہوگا۔