مرکزی حکومت منسوخ شدہ زرعی قوانین کو واپس نہیں لائے گی،تومرکی وضاحت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 26-12-2021
مرکزی حکومت منسوخ شدہ زرعی قوانین کو واپس نہیں لائے گی،تومرکی وضاحت
مرکزی حکومت منسوخ شدہ زرعی قوانین کو واپس نہیں لائے گی،تومرکی وضاحت

 

 

گوالیار: مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے ہفتہ کو واضح کیا کہ مرکز زرعی قوانین کو تبدیل شدہ شکل میں دوبارہ متعارف نہیں کرے گا۔

مرکزی وزیر کی طرف سے یہ وضاحت کانگریس کے الزام کے بعد سامنے آئی ہے کہ مرکز نے پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے بعد تین زرعی قوانین (جو اب منسوخ کر دیے گئے ہیں) واپس لانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

جمعہ کو ناگپور میں ایک تقریب میں زرعی قوانین (اب منسوخ) کے بارے میں بات کرتے ہوئے تومر نے کہاتھا کہ حکومت ایک قدم پیچھے ہٹ گئی ہے اور "دوبارہ آگے بڑھے گی"۔ اس بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ میں نے ایسا نہیں کہا۔ "میں نے کہا تھا کہ حکومت نے اچھے قوانین بنائے ہیں۔ کچھ وجوہات کی بنا پر ہم نے انہیں واپس لے لیا ہے۔ حکومت کسانوں کی بہبود کے لیے کام کرتی رہے گی،"

وزیر نے کہا۔ اس سے پہلے، ناگپور کے پروگرام کے دوران، تومر نے کہا تھا: "ہم زراعت ایکٹ لے کر آئے تھے، کچھ لوگوں کو یہ پسند نہیں آیا لیکن آزادی کے 70 سال بعد یہ ایک بڑی اصلاحات تھی جو نریندر مودی جی کی قیادت میں آگے بڑھ رہی تھی، لیکن حکومت مایوس نہیں ہیں، ہم ایک قدم پیچھے ہٹتے ہیں اور ہم دوبارہ آگے بڑھیں گے کیونکہ کسان ہندوستان کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور اگر ریڑھ کی ہڈی مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا۔

کانگریس جنرل سکریٹری رندیپ سرجے والا نے تومر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکز دوبارہ آگے بڑھے گا۔ سورجے والا نے کہا، "تومر کے بیان نے ایک بار پھر تینوں کسان مخالف قوانین کو واپس لانے کی مرکز کی سازش کو بے نقاب کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے بعد مرکزی حکومت تین کالے قوانین کو ایک نئے روپ میں واپس لانے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور وہ سرمایہ داروں کے دباؤ میں یہ کام کر رہی ہے۔ غورطلب ہے کہ 23 نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران ضروری بلوں کی منظوری کے بعد تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔