جے این ایم سی:اے ایم یو وائس چانسلر نے کووڈ سہولیات کا جائزہ لیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2021
جے این ایم سی
جے این ایم سی

 

 

 علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے آج جواہر لال نہرو میڈیکل کالج میں سہولیات کا معائنہ کیا اور تیسری کووڈ لہر کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کووڈ کے لئے متعین آئی سی یو اورکووڈ وارڈ کا دورہ کیا جہاں 100 میں سے 60 بیڈ اب آکسیجن پینل کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور 50 آکسیجن سے منسلک بیڈز کے ساتھ پیڈیاٹرک آئی سی یو سے منسلک ہیں۔

وائس چانسلر نے نئے نصب کردہ اعلی صلاحیت والے آکسیجن پروڈکشن پلانٹ کا بھی معائنہ کیا۔ پروفیسر منصور نے کہا کہ چونکہ کووڈ وبائی مرض کے خلاف جنگ میں میڈیکل آکسیجن ایک اہم شے بن گئی ہے، لہذا ہم نے انفراسٹرکچر کی تشکیل کے لئے سخت محنت کی ہے جو کووڈ انفیکشن کی صورت میں ضروریات کو پورا کرے گی۔

آکسیجن کی فراہمی سے منسلک آئی سی یو میں بستروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ ہم یہ بھی یقینی بنارہے ہیں کہ کسی بھی کووڈ مریض کی موت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے نہ ہو۔ انہوں نے کہا: ''ہم نے خاص طور پر پیڈیاٹرک ہائی ڈپینڈینسی یونٹوں (ایچ ڈی یو) میں بیڈ اور دیگر سہولیات میں اضافہ پر توجہ دی ہے کیونکہ ماہرین کو خدشہ ہے کہ تیسری لہر کا بچوں پر زیادہ منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ ہمیں نہیں معلوم کہ اس کا کیا اثر پڑے گا لیکن بچوں پر اگلی لہرکے خدشے کے پیش نظر پیڈیاٹرک آئی سی یو میں آکسیجن سپلائی والے پینل لگائے گئے ہیں۔

پروفیسر حارث ایم خان (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ) نے کہا کہ کووڈ وارڈ میں سہولیات کے اضافے کے لئے ایک مخصوص آئی سی یو ہے جو آکسیجن پینل سے لیس 15 بستروں اور دو آئسولیشن بیڈوں پر مشتمل ہے جس میں COVID متاثرہ حاملہ خواتین کے لئے آئی سی یو بھی شامل ہیں۔ یہاں تک کہ اسٹیپ ڈاؤن وارڈ میں بستر بھی آکسیجن کی فراہمی سے براہ راست جڑے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر عبید اے صدیقی (نوڈل آفیسر، آکسیجن گیس پلانٹ) نے کہا کہ آکسیجن پلانٹ کے قیام سے رقیق آکسیجن پر ہمارا انحصار کم ہوا ہے اور آکسیجن سپلائی سے آئی سی یو اور کووڈ وارڈ بیڈس کو جوڑنے کے لئے ہم خود کفیل ہو گئے ہیں۔

اس سے قبل جون میں، جرمنی سے درآمد شدہ ایک اعلی صلاحیت والے آکسیجن پروڈکشن پلانٹ کا افتتاح وائس چانسلر نے جے این ایم سی کے ٹراما سنٹر میں کیا تھا جو ایک وقت میں 250 مریضوں کے لئے فی منٹ 874 لیٹر آکسیجن تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس یونٹ میں دو پی ایس اے جنریٹر، دو کمپریسر اور ایک ایئر ٹینک موجود ہے جس کی گنجائش 5500 لیٹر ہے اور آکسیجن اسٹوریج ٹینک کی گنجائش 3000 لیٹر ہے۔

دریں اثنا، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے دفتر سے اچلاع دی گئی ہے کہ جے این ایم سی اسپتال میں اسپیشل وارڈوں نے آج (12 جولائی) صبح 8 بجے سے کام شروع کردیا ہے۔ پروفیسر حارث ایم خان (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ) کے مطابق، ''جنرل اے سی کمرے (6، 7، 8، 9، 10، 11، 20، 21، 22، 23، 24، 25، 26 اور 27)، ڈیلکس کمرے (12، 13 اور 14)، وی آئی پی کمرے (16، 17، 18 اور 19)، اساتذہ کا کمرہ (15) اور طلبا کے کمرے (28، 29 اور 30) اسپتال میں دستیاب ہیں۔