جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے ٹکنالوجی کا استعمال کیا جانا چاہئے: مودی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-12-2021
جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے ٹکنالوجی کا استعمال کیا جانا چاہئے: مودی
جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے ٹکنالوجی کا استعمال کیا جانا چاہئے: مودی

 

 

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے جمہوری نظام کو بااختیار بنانے کے لیے تکنیکی فروغ کے استعمال پر زور دیا ہے۔ مسٹر مودی نے جمعرات کو امریکی صدر جوبائیڈن کی صدارت میں منعقدہ سمٹ آن ڈیموکریسی میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔ اس کانفرنس میں حکومتوں، سول سوسائٹیز اور نجی شعبے کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے ناطے ہندوستان ہمیشہ دوسرے جمہوری ممالک کے ساتھ اپنے تجربات کا تبادلہ کرتا آیا ہے۔

امریکی صدر نے مسٹر مودی کو کانفرنس کے اہم اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی جس کی صدارت خود مسٹر بائیڈن نے کی۔ پروموشنل میڈیا تک محدود اس سیشن میں ہندوستان سمیت بارہ منتخب ممالک نے شرکت کی۔ دوسرے سیشن کی میزبانی یوروپی کمیشن کی صدر ارسلا وانڈیر لیئن نے کی۔ ذرائع کے مطابق مسٹر مودی نے کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 75 سال پہلے آج کے دن ہندوستان کی دستور ساز اسمبلی کی پہلی میٹنگ ہوئی تھی۔ انہوں نے ہندوستان کی تہذیبی اقدار کا خاکہ پیش کیا جن میں جمہوریت کا بنیادی ماخذ مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان اور تکثیری اقدار کا احترام، جمہوری جذبہ ہندوستانیوں کے دل و دماغ میں پیوست ہے۔ ہندوستانی تارکین وطن اسی جذبات کے ساتھ اپنی رہائش کے ممالک کی اقتصادی ترقی اور سماجی ہم آہنگی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔ مسٹر مودی نے کہا کہ جمہوری ممالک کو اپنے آئین میں درج اقدار پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساسیت، جوابدہی، شراکت اور اصلاحات ہندوستانی جمہوریت کے چار ستون ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی طرز حکمرانی کو بھی جمہوری اقدار سے رہنمائی کرنی چاہیے اور چونکہ ٹیکنالوجی کے جمہوریت پر اچھے اور برے دونوں اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس لیے ٹیک کمپنیوں کو ایک کھلے جمہوری معاشرے میں اپنا حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم کانفرنس کے کل کے اجلاس میں ہندوستان کا قومی بیان دیں گے، جس کو براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔