غذائی اجناس پر ٹیکس،راہل گاندھی نے کسی کمر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 19-07-2022
غذائی اجناس پر ٹیکس،راہل گاندھی  نے کسی کمر
غذائی اجناس پر ٹیکس،راہل گاندھی نے کسی کمر

 

 

نئی دہلی: ملک کی سیاست میں پھر ایک بڑا معاملہ ابھر آیا ہے،مودی حکومت نے  آٹا، چاول اور دیگر اشیائے خوردونوش کو پیر سے پہلی بار ٹیکس کے دائرے میں لا دیا ہے۔جس کے سبب ان کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آزاد ہندوستان میں پہلی بار غذائی اجناس پر ٹیکس لگایا گیا۔ ساتھ ہی تاجر اس کے خلاف ملک گیر مظاہرے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ اس کے خلاف اب  اپوزیشن نے کمر کس لی ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس فیصلے کے خلاف مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔  دوسری جانب  تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے سے مہنگائی بڑھے گی اور غریبوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

راہل گاندھی نے ٹویٹر پر ایک پوسٹر شیئر کیا جس میں بتایا گیا کہ کن اشیاء پر جی ایس ٹی لگایا گیا ہے اور لکھا ہے، "زیادہ ٹیکس، کوئی نوکری نہیں! دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشتوں میں سے ایک کو تباہ کرنے کے بارے میں بی جے پی کا ماسٹر کلاس۔"روزمرہ کی اشیائے خوردونوش مہنگی، سلنڈر 1053 روپے کا ہو گیا لیکن حکومت کہتی ہے 'سب چھنگا سی'۔ یعنی یہ مہنگائی حکومت کا نہیں عوام کا مسئلہ ہے۔

 راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم جب اپوزیشن میں تھے تو انہوں نے مہنگائی کو سب سے بڑا مسئلہ بنایا تھا، لیکن آج انہوں نے عوام کو مسائل کی گہری دلدل میں دھکیل دیا ہے، جس میں عوام آئے روز دھنستے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم صاحب آپ کی اس بے بسی پر خاموش ہیں، خوش ہیں اور جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔

میں اور پوری کانگریس پارٹی حکومت کی طرف سے آپ پر کیے جانے والے ہر ظلم کے خلاف آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم اس معاملے کو ایوان میں بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے۔ وزیر اعظم خواہ کتنے ہی لفظوں کو 'غیر پارلیمانی' کہہ کر ہمیں خاموش کرانے کی کوشش کریں، انہیں جواب دینا پڑے گا۔

اشیائے خوردونوش اور گھریلو اشیا سمیت متعدد مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافے کے خلاف تاجر اور دکاندار اگلے ہفتے ملک گیر احتجاج کریں گے۔اس سے قبل صرف برانڈیڈ کمپنیاں آٹا، چاول اور دیگر اشیاء پر جی ایس ٹی لگاتی تھیں۔ پیر کو احتجاج بڑھنے کے بعد وزارت خزانہ نے جی ایس ٹی کے حوالے سے وضاحت جاری کی۔

وزارت نے کہا کہ ان کھانے پینے کی اشیاء پر جی ایس ٹی لگایا گیا ہے، جن کا وزن 25 کلو گرام سے کم ہے۔ اگر کوئی تاجر 25 کلو یا اس سے زیادہ سامان لے کر اسے خوردہ سامان کے طور پر فروخت کرتا ہے تو اس پر کوئی جی ایس ٹی نہیں لگایا جائے گا۔

ایک کروڑ سے زیادہ چھوٹے دکانداروں اور تھوک فروشوں کی نمائندگی کرنے والی تنظیم کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز (سی اے آئی ٹی) کے صدر پروین کھنڈیلوال نے کہا ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء پر 5 فیصد جی ایس ٹی اور دیگر گھریلو اشیاء پر ٹیکس میں اضافہ نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا ہے۔اور تاجروں پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔ روزانہ استعمال کی جانے والی اشیاء جیسے پہلے سے پیک شدہ اور لیبل لگا ہوا دہی، لسی اور مرمرے (موری) پر اب 5 فیصد کی شرح سے جی ایس ٹی لگے گا۔