گوا میں تار ندی کی بحالی کا منصوبہ تیز

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2026
گوا میں تار ندی کی بحالی کا منصوبہ تیز
گوا میں تار ندی کی بحالی کا منصوبہ تیز

 



پناجی: گوا حکومت نے ریاست کی ندیوں کی بحالی کی کوششوں میں تیزی لاتے ہوئے شمالی گوا میں تار ندی کی بحالی کے منصوبے کو اہم ترجیح دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانا، زراعت کو فروغ دینا اور اطراف کے علاقوں میں سیلاب کے خطرات کو کم کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے حال ہی میں ماپوسا قصبے کے قریب ندی کے 4.5 کلومیٹر طویل حصے میں جاری بحالی کے کاموں کا معائنہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے علاقے کے کسانوں کو نمایاں فائدہ ہوگا کیونکہ مون سون کے بعد بھی آبپاشی کے لیے پانی دستیاب رہے گا۔

انہوں نے کہا، ’’مجھے خوشی ہے کہ اس منصوبے سے مقامی کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ تقریباً ایک ہزار ہیکٹر زمین پر نہ صرف مون سون کے دوران بلکہ غیر مون سونی موسم میں بھی کاشتکاری ممکن ہو سکے گی۔‘‘ حکام کے مطابق تار ندی کی بحالی کا منصوبہ گوا کی ندیوں کو دوبارہ زندہ کرنے، زرعی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور سیلابی انتظامات کو بہتر بنانے کی وسیع حکومتی مہم کا حصہ ہے۔

تقریباً 44.3 کروڑ روپے لاگت والے اس منصوبے کے تحت ندی کی بڑے پیمانے پر گاد نکالی جا رہی ہے اور تباہ شدہ پشتوں (بندھوں) کی ازسرِ نو تعمیر کی جا رہی ہے تاکہ پانی کا بہاؤ ہموار رہے اور قریبی زرعی زمینیں سیلاب سے محفوظ رہیں۔ محکمہ آبی وسائل کے تکنیکی معاون وشنو گاونڈی نے بتایا کہ ندی کے مختلف حصوں میں گاد نکالنے کا کام جاری ہے جبکہ وقت کے ساتھ نقصان پہنچنے والے پشتوں کو دوبارہ تعمیر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا، ’’ہم ندی کی صفائی اور گاد نکالنے کے ساتھ ساتھ ان مقامات پر مضبوط پشتے تعمیر کر رہے ہیں جہاں وہ خراب ہو چکے تھے۔ اس سے پانی کا بہاؤ بہتر ہوگا اور ندی کے قریبی کھیتوں میں پانی پھیلنے سے روکا جا سکے گا۔‘‘ مقامی لوگوں نے بھی اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے میں بار بار آنے والے سیلاب کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ماپوسا کے رہائشی راج سنگھ رانے نے کہا کہ یہ منصوبہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے بڑی راحت ثابت ہوگا اور انہوں نے ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کرنے پر ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ایک اور مقامی باشندے اتم پارسیکر نے یاد دلایا کہ گزشتہ مون سون کے دوران گوریم علاقے میں شدید سیلاب آیا تھا۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ مسافروں اور مقامی رہائشیوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی لائے گا۔