بنارس کی گیان واپی مسجد احاطے میں سروے جاری

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
بنارس کی گیان واپی مسجد احاطے میں سروے جاری
بنارس کی گیان واپی مسجد احاطے میں سروے جاری

 

 

وارانسی: وارانسی کی گیان واپی مسجد اور شرینگار گوری مندراحاطے میں مقامی عدالت کے حکم پر، ایڈوکیٹ کمشنر کی قیادت میں ایک ٹیم نے جمعہ کو گیان واپی مسجد کے باہر کچھ حصوں کی ویڈیو گرافی اور سروے کیا۔ مدعی کے وکیل کے مطابق ہفتہ کو بیریکیڈنگ (گیان واپی مسجد کمپلیکس) کے اندر ایک سروے کیا جائے گا۔

اس بیچ مسلم فریق کے وکیل نے ایڈوکیٹ کمشنر کی غیر جانبداری پر سوال اٹھاتے ہوئے اس کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آج کی ویڈیوگرافی-سروے کی تکمیل کے بعد، مدعی کے وکیل وشنو شنکر جین نے نامہ نگاروں کو بتایا، "ایڈووکیٹ کمشنر نے ضلع مجسٹریٹ کے ساتھ تال میل میں لکھا ہے کہ کل ہم بیریکیڈنگ کے اندر جائیں گے۔ بیریکیڈنگ کے اندر جانے کے لیے کل سہ پہر تین بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔

کل پورے کیمپس کی ویڈیو گرافی کی جائے گی اور ایڈوکیٹ کمشنر ہماری موجودگی میں بیریکیڈنگ کے اندر جائیں گے۔ دوسری طرف، مسلم فریق کے وکیل ابھے ناتھ یادو نے ویڈیو گرافی سروے کے لیے مقرر کیے گئے کورٹ کمشنر کی غیر جانبداری پر سوال اٹھاتے ہوئے ان کی جگہ لینے کے لیے ہفتے کے روز عدالت میں درخواست داخل کرنے کو کہا ہے۔

یہ الزام لگاتے ہوئے کہ سروے کے دائرے میں لی جانے والی عمارتوں کو کھرچ کر دکھایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ عدالت نے کھدائی یا کھرچنے کا کوئی حکم نہیں دیا ہے اور وہ جمعہ کو کی گئی کارروائی سے مطمئن نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ویڈیو گرافی سروے ٹیم آج گیان واپی مسجد کے اندر نہیں گئی۔

یادو نے کہا، "کمیشن کی کاروائی شام 4 بجے شروع ہوئی اور مسجد کے مغربی جانب کے پلیٹ فارم کی ویڈیو گرافی کی گئی۔ اس کے بعد کمشنر نے گیان واپی مسجد کا دروازہ کھول کر اندر جانے کی کوشش کی، جس پر میں نے احتجاج درج کرایا اور کہا کہ عدالت نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا ہے کہ مسجد کے اندر کی ویڈیو گرافی کی جائے، لیکن کورٹ کمشنر نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس آرڈر ہے۔

ویسےتالہ کھولنے اور ویڈیو گرافی کرنے کا حکم ملا، لیکن سچ یہ ہے کہ ایسا کوئی حکم نہیں، اس لیے میں کورٹ کمشنر کی غیر جانبداری پر براہ راست سوال اٹھاتا ہوں۔ انہوں نے کہا، 'میں نے ایک درخواست تیار کی ہے، جس میں لکھا ہے کہ کمشنر کا رویہ منصفانہ نہیں ہے۔

وہ ایک پارٹی کے طور پر کام کرنے آ رہے ہیں اور ان پر بھروسہ نہیں کیا جا رہا ہے۔ کل عدالت میں اسی سلسلے میں درخواست دوں گا اور کورٹ کمشنر کو تبدیل کرنے کی درخواست کروں گا۔

اس سے قبل ایک مقامی عدالت کے حکم پر ایڈوکیٹ کمشنر اجے کمار مشرا اور مدعی کے بہت سے لوگ کاشی وشوناتھ دھام-گیان واپی میں واقع شرنگار گوری اور دیگر دیوتاؤں کی ویڈیو گرافی اور سروے کے کام کے لیے گیان واپی پہنچے تھے۔

کام شروع ہونے سے پہلے ہی لوگوں کی بڑی تعداد گیانواپی میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لیے جمع تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران کچھ شرپسند عناصر نے نعرے بازی شروع کردی۔ تاہم پولیس نے نعرے لگاتے ہوئے لوگوں کو بھگا دیا۔ اس دوران کاشی وشوناتھ دھام-گیانواپی کے آس پاس کی دکانیں بند تھیں۔

سید محمد یاسین، 'انجمن انتظامیہ مسجد' کے شریک سکریٹری نےبتایا، "مسلمان گیان واپی مسجد کے اندر ویڈیو گرافی کی مخالفت کر رہے تھے، کیونکہ مسجد کے اندر ویڈیو گرافی ممنوع ہے۔" ' انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسجد کے اندر کا احاطہ ان جگہوں میں شامل نہیں ہے جن کا عدالت نے ویڈیو گرافی-سروے کا حکم دیا ہے۔ یاسین نے کہا، "احتجاج کے بعد سروے ٹیم نے شام 4 بجے سے شرنگار گوری، نندی اور گیان واپی کنواں سمیت کئی جگہوں پر اپنا کام شروع کر دیا۔"

ذرائع نے بتایا کہ تنازعہ سے کچھ دیر پہلے ایک خاتون نے کاشی وشوناتھ مندر کے گیٹ نمبر چار کے سامنے بیریکیڈنگ کے پاس کپڑا بچھا کر نماز پڑھنا شروع کی، جسے بعد میں پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔

پولیس کے مطابق، خاتون کی شناخت عائشہ کے طور پر کی گئی ہے، جو جیت پورہ کی رہنے والی ہے اور وہ نیم پاگل ہے۔ پولیس کو تلاشی کے دوران اس کے پاس سے ہندو دیوتاؤں کی تصاویر ملی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ وشو ویدک سناتن سنگھ کے عہدیدار جتیندر سنگھ ویسین کی قیادت میں راکھی سنگھ اور دیگر نے اگست 2021 میں عدالت میں ایک مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں شرنگار گوری کے باقاعدہ درشن-پوجا اور دیگر دیوی، دیوتاؤں کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

سول جج (جونیئر ڈویژن) روی کمار دیواکر کی عدالت نے دونوں فریقوں کو سننے کے بعد 26 اپریل کو اجے کمار مشرا کو ایڈوکیٹ کمشنر مقرر کیا، اور گیانواپی کیمپس کے ویڈیو گرافی-سروے کا حکم دیا کہ وہ 10 مئی کو اپنی رپورٹ پیش کرے۔ مشرا نے ویڈیو گرافی اور سروے کے لیے 6 مئی کا دن مقرر کیا تھا۔