یوپی کے پانچ شہروں میں لاک ڈاؤن کے فیصلے پر سپریم کورٹ کی روک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-04-2021
یوپی کے پانچ شہروں میں لاک ڈاؤن کے فیصلے پر سپریم کورٹ کی روک
یوپی کے پانچ شہروں میں لاک ڈاؤن کے فیصلے پر سپریم کورٹ کی روک

 

 

نئی دہلی

سپریم کورٹ نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تیزی سے پھیلنے کے سبب اترپردیش کے پانچ شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر منگل کے روز روک لگادی ہائی کورٹ نے حکومت اتر پردیش کو کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے پیش نظر پریاگراج، لکھنؤ، کانپور ، بنارس اور گورکھپور میں 26 اپریل تک مکمل تالا بندی نافذ کرنے کی ہدایت دی تھی۔

چیف جسٹس شرد اروند بوبڑے، جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس وی رما سبرمنیم پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سالیسٹر جنرل تشارمہتا کے دلائل سننے کے بعد ہائي کورٹ کےفیصلے پر عملدرآمد روک دی اور دو ہفتوں کے بعد معاملے کی سماعت کا فیصلہ کیا۔ حکومت اترپردیش کی جانب سے پیش ہونے والے مسٹر تشار مہتا نے دلیل دی کہ عدالتی حکم کے ذریعے پانچ شہروں میں مکمل تالا بندی انتظامی مشکلات کا سبب بنے گی۔ دریں اثناء، عدالت عظمی نے ریاستی حکومت کو اگلی سماعت تک کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

مسٹر تشار مہتا نے اتر پردیش حکومت کی جانب سے آج صبح اس معاملے کا خصوصی ذکر کرکے اس کی جلد سماعت کرنے کی درخواست کی تھی، جسے بنچ نے قبول کرلیا اور پہلے سے درج تمام مقدموں کی سماعت کے بعد ریاستی حکومت کی اپیل پر غور کیا۔ بنچ نے سینئر ایڈووکیٹ پی ایس نرسمہا کو اس معاملے میں رفیق عدالت مقرر کیا۔