سپریم کورٹ نے 'گیٹ-2022' امتحان ملتوی کرنے کی عرضی مسترد کردی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 03-02-2022
سپریم کورٹ نے 'گیٹ-2022' امتحان ملتوی کرنے کی عرضی مسترد کردی
سپریم کورٹ نے 'گیٹ-2022' امتحان ملتوی کرنے کی عرضی مسترد کردی

 

 

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے 5 فروری سے شروع ہونے والے گریجویٹ انجینئرنگ اہلیتی ٹسٹ-2022 (جی اے ٹی) کو ملتوی کرنے کی درخواست کو جمعرات کے روز مسترد کر دیا۔

درخواست کو مسترد کرتے ہوئے جسٹس چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ امتحان کو ملتوی کرنے سے انتشار اور غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگی جس سے تیاریوں میں مصروف اسٹوڈنٹس کے مستقبل پر برا اثر پڑے گا۔ عرضی میں کووڈ-19 کی تیسری لہر کے پیش نظر امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے آج درخواست گزار امیدوار طلباء کی جانب سے وکیل پلبھ مونگیا کی جلد سماعت کی عرضی کو مسترد کردیا۔ اس بار انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی ( آئی آئی ٹی) کھڑگ پور امتحان منعقد کر رہا ہے۔ اس امتحان کے لیے امتحانی ایڈمٹ کارڈ جاری کر دیئے گئے ہیں۔

چیف جسٹس این۔ وی رمن نے بدھ کو 'خصوصی تذکرہ' کے دوران ایڈوکیٹ مونگیا نے کئی امیدواروں کی عرضی پر جسٹس وی رمن کی سربراہی والی تین رکنی بنچ کے سامنے تیزی سے سماعت کرنے کی مانگ کی تھی، جسے قبول کر لیا گیا تھا۔

خیال رہے درخواست میں کووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر 5 فروری سے ہونے والے امتحان کو ملتوی کرنے کا حکم دینے کی درخواست کی گئی تھی۔

'خصوصی تذکرہ' کے دوران درخواست گزاروں کی طرف سے بنچ کے سامنے بتایا گیا کہ تقریباً نو لاکھ امیدوار امتحان میں شریک ہو رہے ہیں، جن میں سے بڑی تعداد میں امیدوار مسلسل امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔