سپریم کورٹ:سنگھو بارڈر خالی کرانے کی عرضی کی سماعت رد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
سپریم کورٹ
سپریم کورٹ

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

سپریم کورٹ نے ہریانہ سے نئی دہلی کو ملانے والی سرحد سنگھو بارڈر کو خالی کرنے کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

یہ سرحد کسانوں کے احتجاج کی وجہ سے بند  ہے۔

عدالت نے  درخواست گزار کو پنجاب ہریانہ ہائی کورٹ میں اپنی عرضی دائر کرنے کی صلاح دی ہے۔

سپریم کورٹ میں سونی پت کے دو لوگوں نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ سڑک کئی مہینوں سے بند ہے ، لہٰذا سپریم کورٹ حکومت کو ہدایت دے کہ وہ سڑک کھولے یا دوسری سڑک بنانے کا حکم جاری کرے تاکہ لوگوں کوآمد رفت میں آسانی ہو سکے۔

جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا کہ ہمارے لیے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ کیوں کہ ہائی کورٹ موجود ہے اور وہ مقامی حالات سے پوری طرح واقف ہے تو ہمیں ہائی کورٹ پر اعتماد کرنا چاہیے۔

عدالت نے کہا کہ درخواست گزار پنجاب ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرسکتا ہے۔

بنچ نے کہا کہ ہائی کورٹ نقل و حرکت کے حق اور دوسرے لوگوں کے حقوق کے درمیان توازن کے بارے میں بات کر سکتی ہے۔

  درخواست گزار جئے بھگوان نے اپنی عرضی میں کہا تھا کہ اس تحریک کی وجہ سے شہر کے لوگوں کو مسائل کا سامنا ہے۔ دہلی کو ملانے والی مرکزی سڑک بند ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے ایڈوکیٹ ابھیمنیو بھنڈاری نے کہا کہ سنگھو بارڈر سونی پت کے لوگوں کی نقل و حرکت کے لیے اہم ہے اور اس تحریک کی وجہ سے ان کے نقل و حرکت کے حق کو سلب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پرامن نقل و حرکت کے خلاف نہیں ہیں تاہم سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ مرکزی حکومت کے خلاف کسانوں کا احتجاج گذشتہ ایک برس سے جاری ہے۔