شریا گھوشال کے کنسرٹ میں بھگدڑ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-11-2025
شریا گھوشال کے کنسرٹ میں بھگدڑ
شریا گھوشال کے کنسرٹ میں بھگدڑ

 



بھونیشور/ آواز دی وائس
اڑیسہ میں شریا گھوشال کے کنسرٹ میں بھگدڑ جیسے حالات پیدا ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ شریا کٹک کے مشہور بالی جاترا فیسٹیول میں شرکت کے لیے پہنچی تھیں۔ جیسے ہی وہ اسٹیج پر آئیں، شائقین میں زبردست جوش و خروش دیکھنے کو ملا اور ہجوم کا ایک بڑا حصہ اچانک آگے کی طرف بڑھنے لگا۔ اس بھگدڑ میں مبینہ طور پر دو لوگ بے ہوش ہوگئے، جبکہ ایک شخص کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
اچانک پیدا ہوئی افرا تفری کے باعث منتظمین نے میوزک پروگرام کو عارضی طور پر روک دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ شریا گھوشال اسٹیج پر ہی انتظار کرتی رہیں، جبکہ پولیس اور سیکیورٹی اہلکار صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش میں مصروف تھے۔ جب حکام نے بھیڑ کے پرسکون ہونے کی تصدیق کی تو گلوکارہ نے اپنا پرفارمنس دوبارہ شروع کیا۔
موقع پر موجود میڈیکل ٹیم نے فوراً بے ہوش ہونے والے دونوں افراد کو طبی امداد فراہم کی، جن میں ایک خاتون بھی شامل تھیں۔ انہیں پہلے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی اور بعد میں مزید علاج کے لیے ایس سی بی میڈیکل کالج و اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
افرا تفری کی خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے، کٹک کے پولیس کمشنر ایس۔ دیب دتہ سنگھ نے کسی بھی بڑے ہنگامے کے دعوے کو غلط قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہیں ہوئی تھی۔ یہ درست ہے کہ وہاں بڑی تعداد میں بھیڑ تھی، لیکن ہم نے اسے بخوبی سنبھال لیا۔ ایک شخص کو معمولی چوٹ آئی ہے اور اس کی حالت بھی مستحکم ہے۔
فی الحال، شریا گھوشال نے اس واقعے پر کوئی عوامی بیان نہیں دیا ہے۔ کٹک پہنچنے سے پہلے انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے کنسرٹ کے لیے جوش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ آج میں ایک شو کے لیے کٹک جا رہی ہوں، لیکن دو دن بعد ہونے والے پروگرام کے لیے بھی بہت پُرجوش ہوں۔ تب تک ساؤنڈ چیک میں مزید کچھ وقت گزارتے ہیں۔ کیا بات ہے۔