سری نگر: حجاب پر عروسہ کی وضاحت مگر پھر بنیں نشانہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-02-2022
سری نگر: حجاب پر عروسہ کی وضاحت مگر پھر بنیں نشانہ
سری نگر: حجاب پر عروسہ کی وضاحت مگر پھر بنیں نشانہ

 

 

سری نگر : حجاب تنازعہ کے دوران کشمیر میں بارہویں کی ٹاپر عروسہ  حجاب کے بغیر میڈیا کے سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر ایک طبقہ کا نشانہ بن گئی تھیں۔ اب انہوں نے ایک اور بیان دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں یقینا حجاب استعمال کروں گی لیکن اس کے لیے پہلے میں اس لائق بننا چاہتی ہوں یعنی نمازی بن جاوں تب حجاب کا استعمال کروں گی۔ 

کشمیر کے ایک اخبار کو انٹر ویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’۔میرا ماننا ہے کہ حجاب کسی کے مذہبی لگاو یا پابندی کی علامت نہیں ہے۔میں اللہ سے انلوگوں سے زیادہ بہت محبت کرتی ہوں۔ یہ بھی بتا دوں کہ مجھے بھی حجاب لگانا ہے مگر میں چاہتی ہوں کہ میں حجاب اس وقت استعمال کروں جب میں اس کے لائق ہوں۔ میں نام کی حجابی بننا نہیں چاہتی۔ میں چاہتی ہوں کہ میں پانچ وقت نماز پڑھوں ،ویسے کام کروں،پھر حجاب پہننا پسند کرو ں گی۔ ایک سوال کے جواب میں کہ سوشل میڈیا پر جو ٹرولنگ ہوئی ہے اس پر کیا کہتی ہیں تو عروسہ کا جواب تھا کہ میں سلسلے میں کیا کہوں۔ کون کررہا ہے اور کون نہیں کررہا ہے۔ میں تو یہ جانتی ہوں کہ اگر سو میں چالیس تنقید کررہے ہیں تو ساٹھ میرے ساتھ ہیں۔جو میری حمایت کررہے ہیں میں ان کی شکر گزار ہوں۔ ٹرول کرنے والوں کو پیغام کے سوال پر عروسہ نے کہا کہ میں انہیں کچھ کہنا نہیں چاہتی ۔لیکن میں بتا دوں کہ یقینا مجھے حجاب لگانا ہے۔ حجاب ہمارا حق ہے ،ضرور استعمال کروں گی لیکن پہلے اس کے لائق بن جاوں ۔‘‘۔

مگر اس بیان کے بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر مخالف اور  حامی آمنے سامنے آگئے ہیں۔  اب کہا جارہا ہے کہ اتنی بڑی ہوگئی ہیں اور نماز نہیں پڑھتی ہیں۔

ایک بھٹ سینا نامی صارف نے لکھا ہے کہ ’اب کب کرو گی عمل ،افسوس آپ اتنی بڑی ہو مگر اب تک نماز نہیں پڑھتی ہو۔ ذرا سوچو اگر تم نماز ادا کیا کرتیں تو اللہ اور بھی کامیابی عطا کرتا۔ یاد رکھنا بہن اللہ کامیابی کو ناکامی میں بدل سکتا ہے ۔وقت ہے سدھر جاو۔کیونکہ آپ نے بیان ہی ایسا دیا ہے جس سے افسوس ہوتا ہے۔

 ایک صارف ہیں شاہد پرارے ،وہ کہتے ہیں کہ سائنس میں ٹاپ کرلیا اب تک اسلام سمجھ نہیں آیا،اللہ سے دعا ہے آپ راہ پر آجائیں۔

ایک اور صارف ابو عقیدہ نے فیس بک پر لکھا ہے کہ آپ کے الفاظ بتا رہے ہیں کہ آپ سچی مسلمان نہیں ہیں۔پیاری بیٹی اسلامی آداب پر عمل کرو اگر آپ ایک اچھی اور سچی مسلمان بننا چاہتی ہو۔

 بہرحال ایک صارف خورشید احمد بٹ نے کہا کہ عروسہ معذرت کرنے کی عمر میں نہیں ہے،لوگ اتنے ظالم کیوں ہوگئے ہیں۔معاملہ اللہ اور آپ کے درمیان ہے۔جو لوگ آپ کی کردار کشی کررہے ہیں وہ بھول رہے ہیں کہ آپ کشمیر کی بیٹی ہیں۔آپ اگر راہ سے بھٹک گئی ہیں یا پھر آپ کی مناسب رہنمائی نہیں کی گئی ہے تو میں دعا کروں گا کہ اللہ آپ کی رہنمائی کرے۔

 ایک اور صارف عاقب بشیر ڈار نے لکھا ہے کہ چلو غلطی تو ہوتی ہے بہن ،آئندہ خیال رکھنا،اللہ ااپ کو عزت دے اور سنت پر عمل کرنے کی توفیق عطا کرے۔امین۔ایک اور صارف طارق علی نجر نے لکھا ہے کہ کوئی تناو مت لو ،محنت کرو آئی اے ایس کا امتحان پاس کرو ۔یہ آپ کے والدین کے لیے ایک سبق ہے ،آپ کی عمر ایسی ہے ،مستقبل میں آپ سمجھ جائیں گی انشااللہ