ہاپوڑ: کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 6مزدور ہلاک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-06-2022
  ہاپوڑ: کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 6مزدور ہلاک
ہاپوڑ: کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 6مزدور ہلاک

 

 

ہاپوڑ :ریاست اترپردیش کے ضلع ہاپوڑ کے دھولانا کی ایک کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے چھ مزدوروں کی زندہ جھلسنے سے موت ہوگئی جب کہ ایک درجن سے زیادہ افراد بری طرح سے زخمی ہوگئے۔

 تمام زخمیوں کو نزدیک کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے جہاں کئی کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے دفتر سے موصول اطلاعات کے مطابق ضلع ہاپوڑ کے ہیڈکوارٹر سے تقریبا 22کلومیٹر دور دھولانا علاقے میں یو پی آئی ڈی کی روہی کیمیکل فیکٹری میں یہ حادثہ دوپہر بعد تقریبا سوا تین بجے پیش آیا جب فیکٹری کا بوائلر تیز دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا اور چاروں جانب آگ پھیل گئی۔

کچھ ہی دیر میں آگ نے خوفناک شکل اختیار کرلیا اور فیکٹری میں کام کرنے والے تقریبا 2درجن مزدور پھنس گئے۔

 جب تک آگ بجھانے کا کام شروع ہوتا اندر پھنسے چھ مزدوروں کی زندہ جل جانے سے موت ہوگئی۔ جبکہ ایک درجن سے زیادہ بری طرح جھلس گئے۔

 آتشی کیمیکل کے آگ پکڑنے کی وجہ سے یہ آگ بے قابو ہوگئی۔

آس پاس کے اضلاع سے کئی دمکل گاڑیوں کو بلانا پڑا۔ خبر لکھنے جانے تک آگ بجھانے کا کام جاری تھا۔ پولیس اور انتظامیہ کے تمام اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔