نئی دہلی:سپریم کورٹ نے مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں میں بوٹھ لیول آفیسرز (BLOs) کو دھمکانے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے کروائے جا رہے ووٹر لسٹ کے خصوصی گہری جانچ (SIR) کے کام میں مبینہ رکاوٹوں کو سنجیدگی سے لیا ہے۔
عدالت نے ایک کیس کی سماعت کے دوران انتخابی کمیشن سے کہا کہ مختلف ریاستی حکومتوں کی جانب سے ووٹر فہرستوں کے خصوصی گہری جانچ کے کام میں تعاون کی کمی کو سنجیدگی سے دیکھیں۔ عدالتِ عظمیٰ نے کہا کہ اگر حالات مزید خراب ہوئے تو پولیس تعینات کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچے گا۔
اس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ان کے پاس تمام آئینی اختیارات موجود ہیں جن کی مدد سے وہ BLOs اور دیگر افسران کو دھمکانے کے واقعات سے نمٹ سکتے ہیں۔ اس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ ان حالات سے نمٹیں، ورنہ یہ صورتحال بدامنی کا سبب بن سکتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پیر کے روز مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کے خصوصی گہری جانچ (SIR) کی نگرانی کے لیے پانچ سینئر آئی اے ایس افسران کو اسپیشل رول آبزروَر (SRO) مقرر کیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ یہ قدم SIR عمل میں شفافیت بڑھانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ جن افسران کو مقرر کیا گیا ہے، اُن میں وزارت دفاع کے جوائنٹ سیکریٹری کمار روی کانت سنگھ کو پریزیڈنسی ڈویژن کے لیے SRO بنایا گیا ہے، جبکہ وزارتِ داخلہ کے نیرج کمار بانسود کو مدنی پور ڈویژن کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات کے کرشن کمار نِرالا بردوان ڈویژن کے SRO ہوں گے۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے ایک افسر نے بتایا کہ SRO کی تقرری سے تمام ڈویژنز میں SIR عمل کی جانچ مزید مضبوط ہوگی۔ ریاست میں ووٹر فہرستوں کا خصوصی گہرا جائزہ 4 نومبر کو شروع ہوا تھا۔ حتمی ووٹر لسٹ 14 فروری 2026 کو جاری کی جائے گی۔