شیعہ وقف بورڈ : ترقیاتی کاموں کو ترجیح: افضل عباس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-11-2022
شیعہ وقف بورڈ کی میٹنگ میں لئے گئے کئی اہم فیصلے، ترقیاتی کاموں کو ترجیح: افضل عباس
شیعہ وقف بورڈ کی میٹنگ میں لئے گئے کئی اہم فیصلے، ترقیاتی کاموں کو ترجیح: افضل عباس

 

 

پٹنہ:  شیعہ وقف بورڈ کی میٹنگ بورڈ کے چیئرمین افضل عباس کی صدارت میں بورڈ کے دفتر میں منعقد کی گئی جس میں بورڈ کے ممبران مولانا سید امانت حسین، سید غلام حسین، سید شاہد امام، سید آصف امام اور نجم علی کے علاوہ بورڈ کے سی ای او خورشید انور صدیقی اور ایڈمنسٹریٹیو آفیسر سید عارف رضا شامل ہوئے۔

بورڈ میٹنگ میں کئی اہم ایجنڈوں پر جملہ ممبران نے اتفاق رائے سے تجاویز پاس کیں۔ میٹنگ میں دو وقف اسٹیٹ کے ڈیولپمنٹ کے سلسلے میں فیصلہ لیا گیا جس پر جلد ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔ پیش امام و مؤذن کے ماہانہ وظیفہ کی بروقت ادائیگی پر بھی خصوصی طو رپر غور و خوض کیا گیا۔

وقفی جائیداد کو ناجائز قبضہ سے خالی کرایا جائے اور قبضہ داروں پر قانونی کارروائی کی جائے۔ جس وقف اسٹیٹ میں متولی نہیں ہیںاس میں جلد متولی بحال کیا جائے اور وقف جائیداد کو خرد برد کرنے، خرید و فروخت کرنے یا اس کا ناجائز استعمال کرنے میں قصوروار پائے گئے متولی کو عہدے سے برخاست کیا جائے اور ان پر قانونی کارروائی کی جائے۔

امیری بیگم وقف اسٹیٹ کے کرایہ داروں کا کرایہ نامہ 11مہینے کے بجائے 3سال کی مدت کے لئے کیا جائے وغیرہ جیسے اہم ایجنڈوں پر جملہ ممبران کے ذریعہ اتفاق رائے سے تجاویز پاس کی گئیں۔ یہ اطلاع شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین سید افضل عباس نے اپنے اخباری بیان میں بتائیں۔ چیئرمین موصوف نے کہا کہ بہار میں جہاں کہیں بھی وقف کی زمین ہیں،

ان پر تعمیراتی اور ترقیاتی کام جلد ہی شروع کئے جائیں گے۔ بہار کےشہروں اور علاقوں میں وقف کی ایسی کئی اراضی ہیں جن پر آج بھی شرپسند عناصر اور زمین مافیاؤں کا قبضہ برقرار ہے جس سے بورڈ کو مالی نقصان اُٹھانا پڑ رہا ہے جن میں کئی معاملے کورٹ میں بھی زیر سماعت ہیں۔ چیئرمین موصوف نے بطور خاص کہا کہ امیری بیگم وقف اسٹیٹ، چاند کالونی، پٹنہ سیٹی میں غریب اور نچلی سطح کے تقریباً 150کرایہ دار ہیں جن کا 11ماہ کا کرایہ نامہ بے حد کم کرایہ پر کیاجاتا ہے لیکن اس سے وہاں کے کرایہ داروں کو ہر سال ایگریمنٹ کے لئے الگ سے رقم خرچ کرنا پڑتا ہے جس سے انہیں مالی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔

چیئرمین موصوف کی تجویز کے مدنظر بورڈ میٹنگ میں اتفاق رائے سے تمام ممبران کے ذریعہ تجویز پاس کی گئی کہ اُن تما م کرایہ داروں کا اب 3سال کے کرایہ نامہ کا ایگریمنٹ کیا جائے گا۔ بورڈ میٹنگ میں تمام ممبران نے اپنے اپنے قیمتی مشورے پیش کئے جس سے میٹنگ بطور احسن انجام پذیر ہوئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وقف جائیداد کے تحفظ، بہتر انتظام و انصرام اور تعمیری و ترقیاتی کاموں کا فروغ بورڈ کا اہم مقصد ہے جس پر تیزی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے جس کے لئے بورڈ کے سی ای او خورشید انور صدیقی اور ایڈمنسٹریٹیو آفیسر سید عارف رضا کا اہم کردار ہے جن کی تندہی اور فعالیت کی وجہ کر بورڈ اپنے مشن میں کامیابی کی منزلیں طے کررہا ہے۔