شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کی ضمانت مسترد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 08-10-2021
شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کی ضمانت  مسترد
شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کی ضمانت مسترد

 

 

آواز دی وائس، ممبئی

ممبئی کی ایک عدالت نے منشیات کیس میں سپرسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست کی ضمانت مسترد کردی ہے۔

 ذرائع  کے مطابق جمعے کو آریان خان کے وکیل ستیش منشندے نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2 اکتوبر کو نیشنل نارکوٹکس بیورو (این سی بی) کے چھاپے میں آریان خان کے قبضے سے منشیات برآمد نہیں ہوئی تھی۔

تاہم عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد آریان خان اور ان کے ساتھ دو اور ملزمان ارباز مرچنٹ اور منمن دھامیچا کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔

 اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو دو اکتوبر کو ایک کروز سے چھ مزید افراد کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ آریان خان کی فون چیٹ سے پتہ چلا ہے کہ ان کی بین الاقوامی منشیات فروشوں سے پیسوں اور ڈرگز کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

آریان خان کے خلاف اس مقدمے پر شاہ رخ خان یا ان کی اہلیہ فلم پروڈیوسر گوری خان کا اب تک کوئی براہ راست بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

 این سی بی نے ممبئی میں مجسٹریٹ کی عدالت میں استدعا کی تھی کہ آریان خان سمیت دیگر ملزمان کو 11 اکتوبر تک مزید ان کی تحویل میں دے دیا جائے۔

تاہم مجسٹریٹ نے این سی بی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 14 دن کے لیے جوڈیشل تحویل میں دے دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق آریان خان اور دیگر ملزمان کو ممبئی کی آرتھر جیل منے منتقل کردیا ہے۔

جیل سپرانٹینڈنٹ نتن ویچل کے مطابق ملزمان کو تین سے پانچ دن قرنطینہ سیل میں رکھا جائے گا۔