پنجاب:آگ لگنے سے سات افراد زندہ جل گئے

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 20-04-2022
پنجاب:آگ لگنے سے سات افراد زندہ جل گئے
پنجاب:آگ لگنے سے سات افراد زندہ جل گئے

 

 

لدھیانہ: پنجاب کے لدھیانہ ضلع میں منگل کی سہ پہر تقریباً 3.45 بجے ایک کچی آبادی میں آگ لگنے سے سات افراد زندہ جل گئے۔ واقعہ سمرالہ چوک کے قریب ٹبہ روڈ پر واقع مکڑ کالونی کا ہے۔ یہاں کچرے کے ڈھیر سے بنی کچی بستی میں اچانک زبردست آگ بھڑک اٹھی۔

چیخ سن کر لوگ دوڑ پڑے۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے کافی کوششوں سے آگ پر قابو پالیا تاہم آگ اتنی زیادہ تھی کہ گھر کا کوئی فرد باہر نہ نکل سکا۔ لوگوں نے پانی کی بالٹیوں سے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن اہل خانہ کو نہ بچا سکے۔

بتایا جا رہا ہے کہ اس واقعہ میں خاندان کے سات افراد زندہ جل گئے تھے۔ یہ خاندان بہار کے سمستی پور ضلع کا رہنے والا تھا۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور ان کے 5 بچے شامل ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت سریش ساہنی (55)، اس کی بیوی ارونا دیوی (52)، بیٹی راکھی (15)، منیشا (10)، گیتا (8)، چندا (5) اور بیٹے 2 سالہ سنی کے طور پر کی گئی ہے۔

خاندان کا سب سے بڑا بیٹا راجیش زندہ بچ گیا، جو اپنے دوست کے گھر سونے گیا تھا۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی راجیش موقع پر پہنچ گیا۔ اس نے بتایا کہ اس کے والد سریش کمار اسکریپ ڈیلر کا کام کرتے تھے۔ کوئی بھی نہیں بتا سکتا کہ آگ کیسے لگی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور اسپتال کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔

ڈی سی سوربھی ملک اور پولس کمشنر کوستب شرما بھی موقع پر پہنچ گئے۔ فرانزک ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔ تفتیشی افسر بلدیو راج نے بتایا کہ تھانہ ٹبہ کی پولیس نے لاشوں کو سول اسپتال بھجوا دیا ہے۔ جاں بحق افراد کا پوسٹ مارٹم آج کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ یا جھگی کے قریب کھانا پکانے کا چولہا ہو سکتا ہے۔ ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کچی آبادیوں میں روشنی نہ ہونے کی وجہ سے بعض اوقات یہ لوگ بجلی کی تاروں سے ڈائریکٹ کوائل بھی بناتے ہیں جس کی وجہ سے شارٹ سرکٹ کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ آگ کیسے لگی یہ باقی معاملے کی تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا۔