پاکستان:عمران خان پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ،سکیورٹی سخت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
پاکستان:عمران خان پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ،سکیورٹی سخت
پاکستان:عمران خان پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ،سکیورٹی سخت

 

 

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پر ممکنہ قاتلانہ حملے کا منصوبہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد ان کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

جمعے کو ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’سکیورٹی ایجنسیوں نے رپورٹ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ان اطلاعات کے بعد حکومتی فیصلے کے مطابق وزیراعظم کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔‘

دو دن قبل وزیراعظم عمران خان کی پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے بھی ایک ٹی وی پروگرام کے دوران کہا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان کی زندگی کو بھی بہت خطرہ ہے، انہیں جان سے مارنے کی سازش کی جا رہی ہے۔‘

خیال رہے 27 مارچ2021 کو اسلام آباد میں ایک جلسے کے دوران پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے حامیوں کے سامنے ایک خط لہراتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی حکومت کو ہٹانے کے لیے باہر سے سازش ہو رہی ہے۔

جمعرات کو قوم سے خطاب کے دوران امریکہ کا نام لے کر کہا تھا کہ ان کے خلاف بیرونی سازش ہو رہی ہے اور پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتیں اس سازش کا حصہ بن رہی ہیں۔

دوسری جانب امریکہ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔‘

جمعرات کو نیوز بریفنگ کے دوران جب وائٹ ہاؤس کی ڈائریکٹر کمیونی کیشن کیٹ بیڈینگفلڈ سے پوچھا گیا کہ عمران خان نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ ان کے خلاف لائی جانے والی تحریک عدم اعتماد میں امریکہ اپوزیشن کا ساتھ دے رہا ہے۔

اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے۔‘