ہمیشہ کی طرح مسلمان، ملک کے لیے اپنی جانیں دیں گے:سلمان خورشید

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 16-04-2022
ہمیشہ کی طرح مسلمان، ملک کے لیے اپنی جانیں دیں گے:سلمان خورشید
ہمیشہ کی طرح مسلمان، ملک کے لیے اپنی جانیں دیں گے:سلمان خورشید

 

 

نئی دہلی: کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے مدھیہ پردیش کے کھرگون میں ہوئے فرقہ وارانہ تشدد اور اس کے بعد حکومت کی کاروائی پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی چھوڑ دے کیونکہ منقسم ملک کبھی دنیا پر حکومت نہیں کر سکتا۔

فیس بک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ جب ریاست قانون کی حکمرانی کو نظرانداز کرتی ہے تو پھر آپ میں حب الوطنی کا کیا احترام باقی رہ جاتا ہے؟

درحقیقت، حکومت نے کھرگون ضلع میں تشدد کے مبینہ ملزمان پر سخت رویہ اپنایا ہے۔ ملزمان کے گھروں پر بلڈوزر چلا دیے گئے۔ چار دنوں میں 52 کے قریب مکانات اور دکانیں مسمار کی گئیں۔ اب تک 42 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جن میں سے 35 مسلمانوں کے خلاف اور سات ہندوؤں کے خلاف ہیں۔

مجموعی طور پر 144 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں زیادہ تر مسلمان ہیں۔

خورشید نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح مسلمان ملک کے لیے اپنی جانیں دیں گے، لیکن جب ان کے بچوں پر غیر ضروری نفرت سے حملہ کیا جاتا ہے تو تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومتیں اپنے پروپیگنڈے کے لیے مسلم شہریوں پر حملے کر رہی ہیں انہیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ آپ ہندو مسلم اتحاد کے عظیم خواب پر حملہ کر رہے ہیں۔

کھرگون تشدد پر انہوں نے کہا کہ پہلے غلط کیا گیا اور اب حکومت قانون کا غلط استعمال کر کے ناانصافی کر رہی ہے۔ دوسری جانب شیوراج سنگھ چوہان نے توڑ پھوڑ کو درست قرار دیا ہے۔

غریبوں کو تنگ کرنے والوں کے خلاف بلڈوزر کیوں نہیں چلانا چاہیے؟ انہوں نے کہا کہ فسادات سے متاثر ہونے والے لوگ پریشان نہ ہوں کیونکہ ماما ان کے گھر بنوا دیں گے۔