نینی تال: سلمان خورشید کے گھر میں توڑ پھوڑ کے ساتھ آتشزنی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
نینی تال: سلمان خورشید کے گھر میں توڑ پھوڑ کے ساتھ آتشزنی
نینی تال: سلمان خورشید کے گھر میں توڑ پھوڑ کے ساتھ آتشزنی

 

 

آواز دی وائس، نینی تال

 ریاست اتراکھنڈ کے ضلع نینی تال میں کانگریس پارٹی کے سینیئر لیڈر سلمان خورشید کی رہائش گاہ کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی۔ اس کی جانکاری خود سلمان خورشید نے سوشل میڈیا پر دی ہے۔

ان کی ایک کتاب کی ملک بھر میں مخالفت ہو رہی ہے۔ اس کتاب میں خورشید نے ہندوتوا کا موازنہ آئی ایس آئی ایس اور بوکو حرام جیسی دہشت گرد تنظیموں سے کیا۔

نینیتال ضلع کے پوڈا علاقے کے رام گڑھ بلاک میں سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید کے گھر پر نامعلوم افراد کی طرف سے آگ لگانے کی اطلاع ہے۔ الزام ہے کہ پتھراؤ بھی کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد کا ایک ہجوم خورشید کے گھر پر جمع ہوگیا اور نعرے بازی شروع کردی۔

اس کے بعد ان کے گھر کو آگ لگا دی گئی۔ گھر کے اگلے حصے میں آگ لگی ہے اور زیادہ نقصان کا کوئی امکان نہیں ہے۔ آگ لگنے کے بعد کچھ لوگوں نے پانی ڈال کر اس پر قابو پانے کی کوشش کی۔

 

جے پور کے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں سابق مرکزی وزیر خورشید کی حالیہ کتاب 'سن رائز اوور ایودھیا - نیشن ہڈ ان اوور ٹائم' کے حوالے سے پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔

ایڈوکیٹ بھرت شرما نے خورشید کی کتاب میں درج بیانات کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 153، 295 کے تحت "مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے" کی بنیاد پر شکایت درج کرائی تھی۔

قبل ازیں جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما رام کدم نے خورشید کے خلاف ان کی کتاب اور کانگریس لیڈر راشد علوی کے خلاف ممبئی کے گھاٹ کوپر پولیس اسٹیشن میں 'رام بھکتوں' پر ان کے تبصروں کے لیے پولیس شکایت درج کرائی تھی۔

رام کدم نے اپنی شکایت پر ایف آئی آر درج کرنے اور کانگریس قائدین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ دہلی کے دو وکلاء نے بھی خورشید کے خلاف دہلی پولیس میں شکایت درج کروائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے مبینہ طور پر ہندو مذہب کو بدنام کیا ہے اور اس کا موازنہ اپنی کتاب میں دہشت گردی سے کیا ہے۔