موت کی دھمکی بعد بڑھائی گئی سلمان خان کی سیکیورٹی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 06-06-2022
موت کی دھمکی  بعد بڑھائی گئی سلمان خان کی سیکیورٹی
موت کی دھمکی بعد بڑھائی گئی سلمان خان کی سیکیورٹی

 

 

ممبئی: سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو حال ہی میں ایک نامعلوم شخص کی جانب سے خط لکھ کر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد اداکار کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

دھمکی آمیزخط میں واضح الفاظ میں لکھا تھا کہ 'میں موسے والا حال جیسا کردوں گا۔ باندرہ پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس دوران ممبئی پولیس کی ایک ٹیم پیر کو سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹس پہنچی اور پوچھ گچھ بھی کی۔

مہاراشٹر کے محکمہ داخلہ نے اداکار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔ اس وقت آرای افسران سلمان خان کے گھر پہنچ گئے ہیں۔ بتادیں کہ 5 جون2022 کو سلمان اور سلیم خان کو دھمکی آمیز خط بھیجا گیا تھا جس کے بعد نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

اس کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ وہیں خبریں آرہی ہیں کہ تحقیقات کے بعد کرائم برانچ کی ٹیم سلمان خان کے گھر سے نکل رہی ہے۔

پنجابی گلوکارسدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔ اطلاعات کے مطابق گلوکار کے قتل کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے جس کی وجہ سے سلمان کی جان کو بھی خطرہ بتایا جا رہا ہے۔

سدھوموسے والا کے قتل کے چھ دن بعد، سلیم خان کو اتوار کی صبح تقریباً آٹھ بجے دھمکی آمیز نوٹ موصول ہوا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ سلیم خان اس وقت اکثر جاگنگ کے لیے باہر جاتے ہیں۔

مصنف اور فلمسازسلیم خان کو خط اسی بینچ پر پڑا ہوا ملا جس پر وہ عام طور پر چہل قدمی کے بعد بیٹھا کرتے ہیں۔ اس واقعے کے بعد خان خاندان نے ممبئی پولیس سے رجوع کیا اور معاملے پر سرکاری ایف آئی آر درج کرائی۔

غور طلب ہے کہ لارنس بشنوئی نے 1998 میں فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی شوٹنگ کے دوران کالے ہرن کے شکار کیس میں سلمان خان کو دھمکی دی تھی۔ لارنس بشنوئی اس وقت تہاڑ جیل میں ہیں، جہاں ان سے سدھو موسے والا قتل کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔