سدھو نے کھائی قلابازی۔ بھگونت کی حمایت میں اترے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
سدھو نے کھائی قلابازی۔ بھگونت کی حمایت میں اترے
سدھو نے کھائی قلابازی۔ بھگونت کی حمایت میں اترے

 

 

چنڈی گڑھ: کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو کو حال ہی میں پنجاب کے نئے سی ایم بھگونت مان کی تعریف کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ بھگونت مان کی تعریف کرتے ہوئے سدھو نے کہا کہ وہ پارٹی خطوط سے اوپر اٹھ کر ریاست میں مافیا سے نمٹنے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حمایت کریں گے۔ سدھو کی تعریف ایک دن بعد ہوئی جب انہوں نے سابق عاپ لیڈروں کمار وشواس اور الکا لامبا کے خلاف پولیس کارروائی پر پنجاب حکومت پر تنقید کی۔

ایک ویڈیو میں سدھو وزیر اعلی بھگونت مان کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ "میں انہیں یعنی پنجاب کے نئے وزیر اعلی بھگونت مان کو اپنا چھوٹا بھائی سمجھتا ہوں، وہ ایک ایماندار آدمی ہیں۔ میں نے کبھی ان پر انگلی نہیں اٹھائی۔ اگر وہ اس (مافیا) کے خلاف ہیں تو میری حمایت ان کے ساتھ ہے، میں پارٹی لائنوں سے اوپر اٹھوں گا کیونکہ یہ جنگ پنجاب کی بقا کی ہے۔اس سے قبل نوجوت سنگھ سدھو نے ایک کارٹون پوسٹ کیا تھا۔ اس کارٹون میں اروند کیجریوال اسکوٹر چلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور اسکوٹر پر لکھا ہے، پنجاب حکومت۔ بھگونت مان کو اسکوٹر کے آگے بچوں کی طرح کھڑا کر دیا گیا ہے۔

 اس کارٹون میں سدھو نے پوسٹ لکھا کہ حکومت ایسا کام کر رہی ہے۔ اپنے ٹویٹ کے ذریعے سدھو نے کمار وشواس اور الکا لامبا کے خلاف پنجاب حکومت کی کارروائی پر سوال اٹھائے ہیں۔

نوجوت سنگھ سدھو نے لکھا، 'پنجاب حکومت اروند کیجریوال کی کٹھ پتلی کی طرح کام کر رہی ہے۔ کمار وشواس اور الکا لامبا کے خلاف پولیس کی کارروائی یہی ظاہر کر رہی ہے، یہ ان کے ناقدین کو خاموش کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ کانگریس الکا کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے... پنجاب پولیس کی سیاست کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے ان کے ساتھ پولیس اسٹیشن جائے گی۔

 

پنجاب میں عاپ کی زبردست جیت کے فوراً بعد، مان نے لوگوں کو یقین دلایا تھا کہ وہ ریاست میں کان کنی اور منشیات جیسے علاقوں میں کام کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کریں گے۔ کانگریس کی شکست کے بعد مستعفی ہونے والے سدھو نے پنجاب کے لوگوں کو "تبدیلی" کے لیے ووٹ دینے کے لیے مبارکباد دیتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مان نے "پنجاب میں ایک نئے اینٹی مافیا دور کا آغاز امید کے پہاڑ کے ساتھ کیا" اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔