بنگلہ فلموں کی معروف اداکارہ روپادتہ پاکٹ ماری کرتی پکڑی گئیں

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
بنگلہ فلموں کی معروف اداکارہ روپادتہ پاکٹ ماری کرتی پکڑی گئیں
بنگلہ فلموں کی معروف اداکارہ روپادتہ پاکٹ ماری کرتی پکڑی گئیں

 

 

کولکاتا: بنگالی فلموں کی مقبول اداکارہ روپا دتہ مشکل میں پھنس گئیں۔ روپا دتہ کو جیب تراشی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ انٹرنیشنل کولکتہ بک فیئر 2022 کا بتایا جا رہا ہے۔

ایک میڈیارپورٹ کے مطابق، روپا دتہ کو بدھان نگر پولیس نے ہفتے کی شام گرفتار کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق کتاب میلے میں گشت کے دوران ایک پولیس افسر نے ایک خاتون کو کوڑے دان میں بیگ پھینکتے ہوئے دیکھا۔ پولیس کو شک ہوا اور فوراً پوچھ گچھ شروع کر دی۔ دوران تفتیش چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا۔

خاتون کی تلاشی لینے پر اس کے بیگ سے کئی اور پرس برآمد ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس کو خاتون سے 75 ہزار روپے بھی ملے۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون ایک اداکارہ ہیں جو بنگالی فلموں میں کام کرتی ہیں۔ کچھ سال پہلے روپا نے ہندی فلمساز انوراگ کشیپ پر بھی جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔

خاتون کو تھانے لایا گیا اور یہاں پوچھ گچھ کے دوران اس نے جیب تراشی کے معاملے کا اعتراف کیا۔ یہ بھی بتایا کہ اس نے کئی میلوں اور تقریبات میں شرکت کی ہے، جہاں وہ پرہجوم جگہوں پر گئی اور لوگوں کے پرس چرائے۔

یہ خبر روپا دتہ کے مداحوں کے لیے چونکا دینے والی ہے۔ کسی کو سمجھ نہیں آرہی کہ اتنی مقبول اداکارہ پاکٹ مار کیسے ہوگئی؟ روپا دتہ کئی فلموں اور ٹی وی سیریلز کا حصہ رہ چکی ہیں۔ فی الحال پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

روپا دتہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق انہوں نے ٹی وی سیریل 'جے ما وشنو دیوی' میں ماتا ویشنو دیوی کا کردار ادا کیا ہے۔ وہ خود کو ایک مصنف، ہدایت کار اور سماجی کارکن کے طور پر بھی پیش کرتی ہیں۔

یہی نہیں، وہ روپا دتہ ایکٹنگ اکیڈمی کی مالک بھی ہیں۔ انھوں نے یہ اکیڈمی 2019 میں کھولی تھی۔ روپا دتہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بائیو میں ایک لنک بھی شیئر کیا ہے جس کے مطابق وہ 10 سال کی عمر سے کام کر رہی ہیں۔ انھوں نے شول فاؤنڈیشن بھی شروع کی ہے، جس کے ذریعے وہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی کام کرتی ہیں۔