یوکرین سے ہندوستانی طلبا کی واپسی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-02-2022
یوکرین سے ہندوستانی طلبا کی واپسی
یوکرین سے ہندوستانی طلبا کی واپسی

 

 

نئی دہلی:روس اور یوکرین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان، منگل کی شام دیر گئے نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 242 ہندوستانی طلباء بحفاظت ہندوستان واپس آئے اور ہندوستان کی جانب سے یوکرین اور اس کے ملحقہ علاقوں میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں کے انخلاء کی کارروائیاں شروع کرنے کے بعد اپنے والدین کے ساتھ دوبارہ مل گئے۔

 ہندوستان نے اس خصوصی آپریشن کو انجام دینے کے لئے ڈریم لائنر بی-787 طیارہ تعینات کیا ہے جس کے تحت یوکرین کے کھرکیو سے نئی دہلی تک پروازیں چلائی گئیں۔

یوکرین میں زیر تعلیم ایم بی بی ایس کے پہلے سال کے طالب علم نیرو پاٹل نے کہا، "میں جس علاقے میں رہتا ہوں اس کے ارد گرد حالات معمول پر ہیں۔ جبکہ یونیورسٹی نے آن لائن پڑھائی شروع کر دی ہے اس لیے پہلے کی طرح پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

ایک اور طالب علم کرشنا نے کہا، "میں یوکرین-روس سرحد سے 900 کلومیٹر دور رہتا ہوں۔ ہم پانچ سے چھ طالب علم ہیں، جو گجرات کے رہائشی ہیں۔ ہمارے والدین کافی پریشان ہو رہے تھے۔ اسی وجہ سے ہمیں ہندوستان واپس جانا پڑا۔

راجستھان حکومت کی طرف سے کئی سرکاری اہلکاروں کو بھی دہلی ایئرپورٹ پر بھیجا گیا اور ساتھ ہی راجستھان کے طلباء جو یوکرین سے واپس آئے ہیں، ریاستی حکومت ان کے سفری اخراجات برداشت کرتے ہوئے انہیں بحفاظت ان کے گھر بھیجنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ فی الحال آٹھ طلباء کو ان کے والدین کے ساتھ راجستھان بھون میں رہنے کو کہا گیا ہے۔

 تاہم، کئی ہندوستانی طلباء ایسے ہیں جو ایئر انڈیا کی پرواز سے ہندوستان واپس نہیں آئے ہیں۔