جون میں خوردہ افراط زر 7.01 فیصد رہا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 12-07-2022
جون میں خوردہ افراط زر 7.01 فیصد رہا
جون میں خوردہ افراط زر 7.01 فیصد رہا

 

 

آواز دی وائس، ممبئی

اشیائے خوردونوش سستی ہونے کی وجہ سے خوردہ افراط زر جون میں معمولی طور پر گر کر 7.01 فیصد پر آگیا۔ قومی شماریاتی دفتر (این ایس او) نے منگل کو جون 2022 کے لیے صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی) پر مبنی افراط زر کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔

اس کے مطابق جون میں خوردہ مہنگائی 7.01 فیصد رہی جو ایک ماہ قبل مئی میں 7.04 فیصد تھی۔ خوردہ افراط زر ایک سال قبل جون 2021 میں 6.26 فیصد پر تھا۔

جون کے لیے خوردہ افراط زر میں معمولی کمی کے باوجود، یہ ریزرو بینک آف انڈیا(RBI) کی تسلی بخش سطح سے اوپر رہا۔

آر بی آئی کو مہنگائی کو دو فیصد کے اتار چڑھاو کے ساتھ چار فیصد کی حد میں رکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

روس-یوکرین جنگ کی وجہ سے عالمی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ اور خام تیل کی اونچی قیمتوں نے افراط زر کو آر بی آئی کی برداشت کی 6 فیصد اوپری حد سے اوپر رکھا ہے۔ جنوری 2022 سے خوردہ افراط زر آر بی آئی کی تسلی بخش سطح سے اوپر ہے۔

غذائی مصنوعات کی افراط زر جون میں گھٹ کر 7.75 فیصد رہ گئی جو ایک ماہ قبل 7.97 فیصد تھی۔ اس طرح اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔