یوم جمہوریہ آئین کےتحفظ اورذمہ داری کی یاد دلاتا ہے: مولانا حکیم الدین قاسمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-01-2022
 یوم جمہوریہ آئین کےتحفظ اورذمہ داری کی یاد دلاتا ہے: مولانا حکیم الدین قاسمی
یوم جمہوریہ آئین کےتحفظ اورذمہ داری کی یاد دلاتا ہے: مولانا حکیم الدین قاسمی

 


آواز دی وائس، مظفرنگر

  جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کے زیر صدارت مدنی یوتھ سینٹر کینڈکی مظفرنگر پر گھنے کہرے کے باوجود قومی ترنگا کو سلامی دی گئی اور یوتھ کلب کے نوجوانوں نے ملک میں مضبوط جمہوریت کے لیے دعائیں کیں۔

اس کے بعد مدرسہ اسلامیہ عربیہ یاسینیہ سراج العلوم کھوڈہ نگلہ ضلع مظفرنگر میں یوم جمہوریہ سے متعلق پروگرام منعقد ہواجس میں مہمان خصوصی کے طور پر مولاناحکیم الدین قاسمی شریک ہوئے۔

اس موقع پر انھوں نے اپنے خطاب میں آزادی ویوم جمہوریہ سے متعلق بیان فرمایاکہ آزادی کی لمبی لڑائی جس میں ہمارے اکابر علماء، مسلمان اور اہل وطن نے مشترکہ طور سے قربانی دی، اسی کے طفیل میں کم وبیش ڈھائی سال بعد ہمارے ملک میں آئین ہند کا نفاذ عمل میں آیا۔

جمعیۃ علماء ہند کے اکابرین کی جد وجہد سے ملک کا آئین اس طرح سے وضع پایاکہ سبھی مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے مذہب پر عمل کرنے اور کھلی آزادی کے ساتھ اپنی زندگی گزارنے کا حق حاصل ہوا۔

آج اسی کی برکت ہے کہ آزادی کے ساتھ مدارس ومساجدومکاتب اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔

awazthevoice

جشن جمہوریہ کا مختلف منظر

انھوں نے کہا کہ جمہوریت کا یہ تہوار ہمیں ہمیشہ یہ یاددلاتا ہے کہ ہمیں اسے مضبوطی کے ساتھ تھامے رکھنا ہے، اگر ہم اس عظیم ملک کے سپاہی ہیں تو اس کی خدمت یہ ہے کہ ہمیں اس کی ترقی میں پورا پورا حصہ لینا ہے۔

قبل ازیں مدرسے کے طلبہ محمدشاکرجڑودہ، محمدامان اللہ مصطفی آبادی، ہاشم تابش مظفرنگری، محمد مشکورکھتولوی نے خوبصورت اندازمیں تقریری ونعتیہ پروگرام پیش کیے۔ محمد شعیب کلہیڑی نے قومی ترانہ پڑھااورقاری سلمان مدرس مدرسہ ھذا نے حالات کے تناظر میں نظم پیش کی۔

 اس موقع پر مفتی عبدالحسیب، پردھان تنویر،محمدسرتاج مرسلین ودیگراہلیان بستی شریک ہوئے، مدرسے کے اساتذہ میں مفتی مدثرمفتی عثمان،مولاناصداقت،قاری مدثر،قاری انتظار،قاری عابد،قاری عبدالرب، قاری عارف، قاری شہزاد،قاری نعیم، قاری ساجد،قاری طیب،قاری شمشاد،ماسٹراسلام، ماسٹرعمروغیرہ نے شرکت کی۔

نظامت کے فرائض مدرسے کے مہتمم قاری محمد جعفرنے انجام دئیے۔ پروگرام کااختتام مہمان خصوصی  مولانا حکیم الدین قاسمی( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند) کی دعاء پر ہوا۔