یوپی میں اجازت کے بغیر نہیں نکالا جائے گا مذہبی جلوس

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 19-04-2022
یوپی میں اجازت کے بغیر نہیں نکالا جائے گا مذہبی جلوس
یوپی میں اجازت کے بغیر نہیں نکالا جائے گا مذہبی جلوس

 

 

آواز دی وائس، لکھنو

دہلی کے جہانگیر پوری میں تشدد کے بعد اتر پردیش کی یوگی حکومت نے مذہبی جلوسوں وغیرہ کو لے کر سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ ریاست میں بغیر اجازت کسی بھی جلوس یا مذہبی یاترا نکالنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس سلسلے میں ہدایات جاری کی ہیں۔ امن و امان سے متعلق جائزہ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو نئی جگہوں پر مائیک کے استعمال کی اجازت نہ دینے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ کی جانب سےجاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ہرکسی کو اپنے مذہبی نظریے کے مطابق عبادت کرنے کی آزادی ہے۔ عید اور اکشے ترتیا سمیت آنے والے تہواروں سے پہلے سی ایم یوگی کی طرف سے جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مائیک کی آواز احاطے تک ہی محدود رہے اور مائیک کی آواز باہر نہ جائے، جس سے دوسرے لوگوں کو تکلیف ہو۔

ایک سرکاری ریلیز میں سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی نئی جگہ پر مائیک لگانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر پولیس کومزید چوکس اورمحتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

ایس ایچ او سے لے کراے ڈی جی تک اگلے24 گھنٹوں میں اپنے اپنے علاقوں میں مذہبی رہنماؤں اور معاشرے کے دیگر نامور افراد سے بات کریں گے۔ساتھ ہی سی ایم یوگی نے ہدایت دی ہے کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہ ٹریفک کو متاثر کیے بغیر مقررہ مقامات پر مذہبی پروگراموں کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکام کی اجازت کے بغیر مذہبی جلوس نہ نکالے جائیں۔ اس سلسلے میں سی ایم آفس یوپی کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل نے ٹویٹ کیا کہ بغیر اجازت کے کوئی جلوس/مذہبی جلوس نہیں نکالا جانا چاہیے۔

 

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اجازت سے پہلے، امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے بارے میں منتظم سے حلف نامہ لیا جانا چاہئے۔ اجازت صرف ان مذہبی جلوسوں کو دی جائے جو روایتی ہوں، نئی تقریبات کی غیر ضروری اجازت نہ دی جائے۔