راجستھان: سرحدی اضلاع میں بلیک آؤٹ کے لیے ریڈ الرٹ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-05-2025
راجستھان: سرحدی اضلاع میں بلیک آؤٹ کے لیے ریڈ الرٹ
راجستھان: سرحدی اضلاع میں بلیک آؤٹ کے لیے ریڈ الرٹ

 



جےپور/ آواز دی وائس
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ راجستھان کے سرحدی اضلاع کی انتظامیہ نے جمعرات کو کئی شہروں میں بلیک آؤٹ کے ساتھ ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔ وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے بین الاقوامی سرحد پر موجودہ حالات کے پیش نظر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اب روزانہ حالات کا جائزہ لیں گے۔
وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ہنگامی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے باڑمیر، جیسلمیر، بیكانیر اور شری گنگانگر اضلاع کے لیے پانچ-پانچ کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے سرحدی اضلاع میں آر اے سی  فورس، ایس ڈی آر ایف یونٹس، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کی تعیناتی کے احکامات بھی دیے۔
شری گنگانگر میں ریڈ الرٹ
شری گنگانگر میں پولیس نے شہریوں سے گھروں میں رہنے اور لائٹس بند کرنے کی اپیل کی ہے۔ شری گنگانگر پولیس نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر لکھا: ’’یہاں ریڈ الرٹ ہے، تمام لوگ اپنے گھروں میں رہیں اور تمام لائٹس بند رکھیں۔‘‘ باڑمیر میں دن کے وقت ریلوے اسٹیشن، مرکزی بازار اور ضلع کلکٹریٹ پر پانچویں بار سائرن بجا۔ جیسلمیر شہر میں بھی سائرن بجنے لگے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے لگیں جس کے بعد لوگوں نے لائٹس بند کر دیں۔ بیكانیر میں مکمل بلیک آؤٹ ہو گیا ہے جو اگلے احکامات تک جاری رہے گا۔ ڈی ایم نمرتا ورشنی نے بیكانیر تحصیل میں بھی بلیک آؤٹ کے احکامات جاری کیے ہیں۔ راجستھان میں بیكانیر، جودھپور، جیسلمیر اور کشن گڑھ کے ہوائی اڈوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ عام دنوں میں ان علاقوں سے گزرنے والی تمام پروازوں کا روٹ تبدیل کر دیا گیا ہے۔
ہندوستان نے 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو بنایا نشانہ
پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان نے پاکستان کے 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ہندوستان کے حملے سے بوکھلائی ہوئی پاکستان کی فوج ایل او سی پر مسلسل فائرنگ کر رہی ہے۔ پاکستان نے بدھ کی رات اور جمعرات کو ہندوستان کے کئی شہروں کو میزائل، ڈرون اور فائٹر جیٹ سے نشانہ بنایا، لیکن ہندوستانی فوج نے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا۔ وہیں جموں اور جیسلمیر میں ایک بار پھر بلیک آؤٹ کر دیا گیا۔