راجیہ سبھا الیکشن: کانگریس امیدوار کانامزدگی فارم مسترد

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 09-06-2026
راجیہ سبھا الیکشن: کانگریس امیدوار کانامزدگی فارم مسترد
راجیہ سبھا الیکشن: کانگریس امیدوار کانامزدگی فارم مسترد

 



بھوپال :راجیہ سبھا انتخابات سے قبل کانگریس کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ مدھیہ پردیش سے کانگریس کی راجیہ سبھا امیدوار میناکشی نٹراجن کا نامزدگی فارم مسترد کر دیا گیا ہے۔ ریٹرننگ افسر نے ان کا پرچۂ نامزدگی رد کر دیا۔ بی جے پی نے نامزدگی فارم پر اعتراض اٹھاتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ اس میں بعض معلومات چھپائی گئی ہیں۔

الزام کے مطابق میناکشی نٹراجن نے اپنے خلاف زیرِ غور قانونی معاملے کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ مینا کشی نٹراجن کو سونیا گاندھی اور راہل گاندھی دونوں کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ اس معاملے پر کانگریس کے سینئر رہنما، راجیہ سبھا رکن اور معروف وکیل ویویک تنکھا نے ایکس پر لکھا: ’’میناکشی نٹراجن جی کے نامزدگی فارم کے بارے میں غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ان کے خلاف کوئی فوجداری مقدمہ درج نہیں ہے۔

صرف ایک نوٹس جاری ہوا ہے جس میں پوچھا گیا ہے کہ ان اور دیگر افراد کے خلاف 10 کروڑ روپے ہرجانے کی کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ اس نوٹس کا جواب میناکشی جی کے وکیل نے دے دیا ہے۔ ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہے۔‘‘ دریں اثنا، مدھیہ پردیش کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور کانگریس رہنما کمل ناتھ نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا: ’’مدھیہ پردیش کی راجیہ سبھا نشست پر قبضہ کرنے کے لیے بی جے پی سیاست کی تمام حدیں پار کر رہی ہے۔

پہلے کانگریس کے ارکانِ اسمبلی والی پرواز کو جان بوجھ کر طویل وقت تک اڑان کی اجازت نہیں دی گئی۔ پھر کانگریس امیدوار میناکشی نٹراجن کے نامزدگی فارم کے خلاف بدنیتی پر مبنی اعتراض درج کرایا گیا اور بعد ازاں اسمبلی احاطے میں بی جے پی رہنماؤں نے ہنگامہ آرائی کی۔ لیکن بی جے پی کو سمجھ لینا چاہیے کہ کانگریس ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں۔

‘‘ واضح رہے کہ 18 جون کو مدھیہ پردیش کی تین راجیہ سبھا نشستوں کے لیے انتخابات ہونے ہیں۔ اس سے قبل میدان میں چار امیدوار تھے، لیکن میناکشی نٹراجن کا نامزدگی فارم مسترد ہونے کے بعد اب صرف تین امیدوار باقی رہ گئے ہیں اور تینوں کا تعلق بی جے پی سے ہے۔ انتخابات سے پہلے کانگریس نے اپنے تقریباً 48 ارکانِ اسمبلی کو بنگلورو منتقل کر دیا ہے۔