راجستھان: لاش کے ساتھ احتجاج کرنے والے جائیں گے جیل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-12-2025
راجستھان: لاش کے ساتھ احتجاج کرنے والے جائیں گے جیل
راجستھان: لاش کے ساتھ احتجاج کرنے والے جائیں گے جیل

 



جے پور: راجستھان میں ’’مُردہ جسم احترام ایکٹ‘‘ کے نئے قواعد آج سے نافذ ہو گئے ہیں۔ ان قواعد کے تحت سڑک پر لاش رکھ کر احتجاج کرنا اب قانونی جرم سمجھا جائے گا۔ اگر لواحقین 24 گھنٹے کے اندر آخری رسومات ادا نہیں کرتے تو پولیس خود کارروائی کرکے تدفین یا آخری رسومات انجام دے سکے گی۔

حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نوعیت کا قانون نافذ کرنے والا راجستھان ملک کی پہلی ریاست بن گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے واضح کیا ہے کہ اب کسی بھی سڑک یا عوامی مقام پر لاش رکھ کر احتجاج، مخالفت یا دباؤ ڈالنے کی کوشش کو مجرمانہ عمل قرار دیا جائے گا۔

ایسے معاملات میں قصورواروں کو 6 ماہ سے 5 سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ اگر لواحقین ایسا کرتے ہیں تو اُن کے لیے دو سال تک کی سزا کا بھی بندوبست ہے۔ اس کے علاوہ اسپتال اب بقایا بل کی بنیاد پر لاش کو اپنے پاس نہیں روک سکیں گے، جس سے مرحوم کے احترام کو یقینی بنایا جائے گا۔

نئے قواعد کے مطابق ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی جانب سے نوٹس ملنے کے بعد 24 گھنٹے کے اندر آخری رسومات ادا کرنا ضروری ہوگا۔ اگر لواحقین کسی بھی وجہ سے آخری رسومات انجام نہیں دیتے تو پولیس لاش کو اپنی تحویل میں لے کر خود آخری رسومات کرائے گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ قدم ان حالات سے بچنے کے لیے ہے جن میں قانونی، سماجی یا خاندانی تنازعات کے باعث لاشیں طویل عرصے تک بغیر رسومات کے رکھی رہتی ہیں۔ ریاستی حکومت کے مطابق عوامی مقامات پر لاش رکھ کر احتجاج کرنا نہ صرف امن و امان کے مسائل پیدا کرتا ہے بلکہ مرحوم کی عزتِ نفس کی بھی توہین ہے۔ اسی وجہ سے اس ایکٹ کے تحت سخت سزائیں نافذ کی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ قواعد سماج میں نظم و ضبط قائم رکھنے اور مرنے والوں کے احترام کی حفاظت میں اہم کردار ادا کریں گے۔