راجستھان کے وزیر کے بیٹے پر عصمت دری کا الزام، دہلی میں مقدمہ درج

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-05-2022
راجستھان کے وزیر کے بیٹے پر عصمت دری کا الزام، دہلی میں مقدمہ درج
راجستھان کے وزیر کے بیٹے پر عصمت دری کا الزام، دہلی میں مقدمہ درج

 

 

نئی دہلی: جے پور کی ایک 23 سالہ لڑکی نے راجستھان کے وزیر مہیش جوشی کے بیٹے روہت جوشی پر گزشتہ ایک سال کے دوران کئی بار ریپ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ لڑکی کی شکایت پر دہلی پولیس نے 'زیرو ایف آئی آر' درج کی ہے۔ حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اس معاملے میں درج ایف آئی آر کی اطلاع راجستھان پولیس کو دی گئی ہے جو مزید تحقیقات کرے گی۔ پولیس کے مطابق، 8 مئی کو شمالی ضلع کے ایک پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی دفعہ 376، 328، 312، 366، 377 اور 506 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

اس معاملے میں جواب کے لیے راجستھان کے وزیر مہیش جوشی سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا اپنی شکایت میں خاتون نے الزام لگایا ہے کہ روہت جوشی نے اس سے شادی کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے گزشتہ سال 8 جنوری سے اس سال 17 اپریل تک کئی بار اس کی عصمت دری کی۔

لڑکی نے بتایا کہ روہت سے اس کی دوستی گزشتہ سال فیس بک کے ذریعے ہوئی تھی اور اس کے بعد سے دونوں رابطے میں تھے۔ شکایت کے مطابق، دونوں کی پہلی بار جے پور میں ملاقات ہوئی اور روہت نے مبینہ طور پر اسے 8 جنوری 2021 کو سوائی مادھوپور بلایا۔

ایف آئی آر کے مطابق لڑکی کا الزام ہے کہ پہلی ملاقات کے دوران روہت نے اس کے مشروب میں کچھ ملایا اور اس کا فائدہ اٹھایا۔ ایف آئی آر کے مطابق لڑکی کا الزام ہے کہ جب وہ اگلی صبح بیدار ہوئی تو ملزم نے اسے اپنی عریاں تصاویر اور ویڈیوز دکھا کر دھمکیاں دیں۔ لڑکی کا الزام ہے کہ روہت نے ایک بار دہلی میں بھی اس سے ملاقات کی اور اسے ایسا کرنے پر مجبور کیا۔