دہلی کو ملیں گے 1200 بستروں کے ساتھ 75 کوویڈ کوچ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-04-2021
ریلوے نے دہلی کو 1200 بستروں کے ساتھ 75 کوویڈ کوچ دئے
ریلوے نے دہلی کو 1200 بستروں کے ساتھ 75 کوویڈ کوچ دئے

 

 

نئی دہلی

شمالی ریلوے نے دہلی کو 1200 بستر کی صلاحیت والے 75 کووڈ کیئر کوچز فوری طورپر مہیا کرانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں سے شکوربستی اسٹیشن پر 800 بستر کی صلاحیت والے 50 کوچ آج مہیا کرائے جارہے ہیں اور 400 بستروں کی صلاحیت والے 25 کوچ پیر کو آنند وہار ریلوے اسٹیشن پر مہیا کرا دئے جائیں گے۔

دہلی حکومت میں چیف سکریٹر وجے کمار دیو نے ریلوے بورڈ کے صدر سنیت شرما کو آج ایک خط لکھ کر کورونا انفیکشن کے تیزی سے بڑھتے انفیکشن کے پیش نظر ریلوے سے میڈیکل کے پورے انتظامات سمیت کووڈ کوچوں کا ہنگامی صورت کے لئے انتظام کرنے کی اپیل کی تھی ۔ مسٹر شرما نے اس خط کو فوری کارروائی کےلئے شمالی ریلوے کے جنرل منیجر آشوتوش گنگل کو بھیجا تھا۔

مسٹر گنگل نے شام کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ شکوربستی ریلوے اسٹیشن پر 50 کوچ تیار حالت میں تھے جنہیں دہلی حکومت کو سونپنے کےلئے خط بھیج دیا گیا ہے۔ فی کوچ 16 افراد کے حساب سے 800 بستر مہیا ہوں گے۔ فی کوچ دو آکسیجن سلینڈر بھی مہیا کرائے گئے ہیں۔ دہلی حکومت چاہے تو زیادہ آکسیجن سلینڈر مہیا کرا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنند وہار اسٹیشن پر ایک پلیٹ فارم پر 25 کوچ پیر کو لگا کر انہیں دہلی حکومت کو سونپ دیا جائے گا جس میں 400 بستروں کی صلاحیت ہوگی۔

دہلی حکومت کے ذریعہ پانچ ہزار بستر کی صلاحیت کے لئے اپیل کئے جانے کے بارے میں پوچھے جانے پر جنرل منیجر نے کہا کہ فی الحال 1200 بستروں کی صلاحیت سمیت 75 کوچ مہیا کرائے جارہے ہیں۔ شمالی ریلوے مسلسل دہلی حکومت کے رابطے میں رہے گی اور ضرورت محسوس ہونے پر زیادہ کووڈ کوچ بھی مہیا کرائے جائیں گے۔ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو آنند وہار اسٹیشن سے گاڑیوں کی آمدو رفت کو دہلی کے کسی دیگر اسٹیشن پر منتقل کردیا جائےگا یا دیگر اسٹیشنوں پر کووڈ کوچ بھیجے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال شمالی ریلوے نے دہلی کے نو اسٹیشنوں پر آٹھ ہزار بستروں کی صلاحیت والے کووڈ کوچ مہیا کرائے تھے لیکن جون 2020 سے لے کر جنوری 2021 تک صرف 857 بستروں کا استعمال ہوا تھا جن میں سے 92 مریضوں کو آگے کے علاج کےلئے اسپتال بھیجنا پڑا تھا۔