ریلوےتقرری معاملہ :گیااسٹیشن میں توڑ پھوڑ ، وزیرریل کی اپیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-01-2022
ریلوےتقرری معاملہ :گیااسٹیشن میں توڑ پھوڑ ، وزیرریل کی  اپیل
ریلوےتقرری معاملہ :گیااسٹیشن میں توڑ پھوڑ ، وزیرریل کی اپیل

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

ریاست بہار کے گیا ریلوے اسٹیشن میں ہنگامہ آرئی اور توڑ پھوڑ کے بعد وزیرریل اشنوی ویشنو نے طلبا سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔

 وزیر ریلوے ویشنو نے کہاکہ اتنی بڑی تعداد میں درخواست ملنے کے بعد امتحان کا انعقاد کرانے والی ایجنسی کے انتخاب میں تقریباً چھ مہینے کا وقت لگ گیا۔ دوسرا معاملہ یہ ہے کہ اتنی بڑی تعدا د میں درخواستیں آنے پر یہ ممکن نہیں ہوسکتا تھا کہ ایک ہی مرحلہ میں امتحان کرایا جائے۔

اس لئے دو مرحلوں میں امتحآن کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس درمیان کووڈ وبا آگئی لیکن ہم نے دسمبر 2020میں امتحان کرانے کا فیصلہ کیا اور کووڈ کی دوسری لہر کے باوجود سال 2021کے وسط میں مشکل کووڈ پروٹوکول کے ساتھ پہلے مرحلہ کے کمپیوپٹر پر مبنی امتحان کرائے گئے جو کوالیفائنگ امتحا ن تھا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ شروع ہونے پر انہوں نے ریلوے بھرتی بورڈ سے معلومات طلب کیں تو پتہ چلا کہ ہر سطح پر بھرتی کے لئے طے شدہ عہدوں کے برعکس ہر ایک سطح پر 20گنا امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

کئی امیدواروں نے ایک ساتھ الگ الگ سطح کے لئے درخواست دے رکھی ہے اور وہ کٹ آف کے بھی اہل ہیں۔ اس وجہ سے 35ہزار 281عہدوں پر سات لاکھ پانچ ہزار 446امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔مسئلہ یہ ہے کہ یہ تعداد لوگوں کی نہیں بلکہ رول نمبروں کی ہے۔ ہر سطح پر امیداروں کی تعداد کا اندازہ الگ الگ لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوٹس ایک آئینی دستاویزہو تا ہے اور اسے عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔

اس لئے ریلوے بھرتی بورڈ احتیاط کے ساتھ نوٹس کے مطابق ہی امتحان کا انعقاد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطمینان کی بات ہے کہ کہیں سے سوالنامہ لیک ہونے کی بات نہیں ہے۔ صرف یہی ہے کہ کچھ لوگ جنہوں نے تیاری کی ہے وہ چاہتے ہیں کہ انہیں امتحان میں شامل ہونے کا ایک موقع مل جائے۔ انہوں نے کہاکہ امیدواروں کے معاملات اور تشویشات پر ہمدردی کے ساتھ غور کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ (آر آر بی) کے نان ٹیکنیکل پاپولر کیٹیگری (این ٹی پی سی) کے نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف امیدواروں نے بہارکے گیا ریلوے جنکشن پر توڑ پھوڑ کی۔امیدوار گزشتہ تین دنوں سے شدید احتجاج کر رہے ہیں۔ امتحان کے نتائج سے ناراض امیدواروں نے آج بدھ کو گیا جنکشن پر جم کر ہنگامہ آرائی کی۔ احتجاج کررہے امیدواروں نے شرم جیوی ایکسپریس ٹرین میں توڑ پھوڑ کی۔

اس کے بعد ٹرین کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔ ٹری کے دو ڈبے میں آگ بھی لگادی گئی ہے۔اس کے اسٹیشن پر ماحول ہنگامہ خیز ہوگیا۔ اس دوران ریلوے پروٹیکشن فورسیس اور ہنگامہ کرنے والے امیدواروں کے درمیان زبردست پتھراؤ ہوا۔ ریلوے پروٹیکشن فورسیس کی طرف سے جوابی کارروائی میں بڑے پیمانے پرآنسو گیس کے گولے داغے گئے۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے گیا کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آدتیہ کمار اضافی پولیس فورس کے ساتھ موقع پر موجود پہنچے اور حالات کو قابو میں کیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہا کہ ریلوے نے امتحانی نتائج کو ملتوی کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گروپ ڈی کا امتحان بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس لیے اب احتجاج کی ضرورت نہیں ہے۔ ٹرین کا ایک ڈبہ جل گیا ہے۔

اس واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کی گئی ہے۔ اس معاملے میں جلد ہی کارروائی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ حالات قابو میں ہیں ۔ ریلوے امتحان کے نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف 28 جنوری کو 'بہار بند کا اعلان کیا گیا ہے۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے مارکسسٹ-لیننسٹ (سی پی آئی-ایم ایل) کے ایم ایل اے منوج منزل نےامیدوار وں کی حمایت کرتے ہوئے بہار بن کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے مرکز کی مودی حکومت کی سخت نکتہ چینی ور طنز کرتے ہوئے کہا کہ انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے افسران لیٹرل انٹری سے افسر بنیں گے، جج کالجیم بنیں گے لیکن گروپ ڈی کےلئے امتحانات ہوں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل آج ہی امیدواروں نے جہان آباد اسٹیشن پر احتجاج کیا گیا ہے۔پٹنہ گیا ریلوے سیکشن پر احتجاج اور مظاہروں کی وجہ سے ریل کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔