راہل گاندھی نے کی ای ڈی سے انکوائری ملتوی کرنے کی درخواست

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-06-2022
راہل گاندھی نے کی ای ڈی سے انکوائری ملتوی کرنے کی درخواست
راہل گاندھی نے کی ای ڈی سے انکوائری ملتوی کرنے کی درخواست

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

 کانگریس پارٹی کے لیڈر راہول گاندھی نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ایک خط لکھ کر نیشنل ہیرالڈ کیس میں جمعہ کو ہونے والی تحقیقات کو ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔

 ذرائع کے مطابق ای ڈی کو خط لکھ کر راہل نے درخواست کی کہ نیشنل ہیرالڈ کیس سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں ان سے پوچھ گچھ پیرتک ملتوی کر دی جائے۔ تین دنوں میں تقریباً 28 گھنٹے کی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ راہل اور ان کی بہن پرینکا گاندھی واڈرا اپنی ماں کے ساتھ اسپتال میں ہیں۔

کانگریس صدر سونیا گاندھی اتوار سے دہلی کے گنگا رام اسپتال میں داخل ہیں۔ کووڈ سے متاثرہ ہونے کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ای ڈی حکام کے مطابق، کانگریس کے سینئر رہنماؤں اور گاندھی خاندان سے پوچھ گچھ 'ینگ انڈین' اور 'ایسوسی ایٹڈ جرنلز لمیٹڈ' (اے جے ایل) کے پروموٹرز کے حصہ داری کے پیٹرن، مالیاتی لین دین اور کردار کو سمجھنے کے لیے ای ڈی کی جانچ کا حصہ ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ کانگریس لیڈر سے کولکتہ کی ایک کمپنی سے لیے گئے ایک کروڑ روپے کے قرض اور اس کی بنیاد کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔ یہ قرض مبینہ طور پر فروری 2011 میں لیا گیا تھا۔

ذرائع نے اشارہ کیا ہے کہ 2011 میں اس کےآغاز سے ہی ینگ انڈین کی ترقی کے بارے میں سوالات اٹھ رہے ہیں۔

دوسری طرف کانگریس نے راہل گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ کے خلاف احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سمیت کانگریس کے کچھ دیگر رہنما 'ینگ انڈین' کے پروموٹر اور شیئر ہولڈرز میں شامل ہیں۔ اسی معاملے میں ای ڈی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو 23 جون کو پیش ہونے کو کہا ہے۔